جمعہ, 26 اپریل 2024


شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کا دوسرا کانووکیشن

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کا دوسرا کانووکیشن مین کیمپس آریجا روڈ میں منعقد کیا گیا، جس میں چانڈکا میڈیکل کالج، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر اور بینظیر انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ کمیونٹی ہیلتھ سائنسز کے 350 طلبا و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں، جبکہ بہتر کارکردگی پر تین طلبہ و طالبات کو طلائی میڈل دیے گئے ، ہر کالج کی جانب سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے سمیت مجموعی بہتر کارکردگی پر بھی طلبہ کو طلائی میڈل دیے گئے ،نیرج پرکاش اور شلپا موٹن پوتا نے 2، 2سونے کے میڈل جبکہ ماروی گربخشانی اور سکندر علی نے بھی میڈل حاصل کیے ، چاندی کے میڈل حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انزیلا نے دو چاندی کے میڈل جبکہ پونم بائی، مرک رانی، ہمیر موریو، زویا شیخ، کنول گل ہکڑو، فائزہ سوڈر، مہوش کلہوڑ، زمان علی، مگلدین مسیح اور حسین بخش نے ایک ایک چاندی کے میڈل حاصل کیے ۔

تقریب کی صدارت یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سکندر شیخ نے کی، تقریب میں یونیورسٹی کے اکیڈمک کونسل، سینٹ، سینڈیکٹ اور تمام ڈین نے شرکت کی۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر غلام اصغر چنہ نے کہا کہ کانووکیشن سے قبل نومبر میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرکے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ اس یونیورسٹی کا اصل مقصد تحقیق کرنا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہمارے اساتذہ اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں پی ایچ ڈی کررہے ہیں جو واپس آکر تحقیق کے حوالے سے یہاں کے طلبہ کی رہنمائی کریں گے -

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment