ھفتہ, 27 اپریل 2024


انٹر بورڈ بحران کا شکار

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی جمعہ کو ناظمُ امتحانات کی تبدیلی، چار نائب ناظم امتحانات کی رخصت اور چار افسران کے خلاف کارروائی کے باعث بورڈ انٹر ضمنی پری میڈیکل اور پری انجینرنگ کے نتائج کا اعلان نہیں کرسکا ۔ بورڈ کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا جب نتائج کے اعلان کی تاریخ کی خبر جاری کرنے کے باوجود بورڈ نتائج جاری نہیں کر سکا اور نہ ہی سالانہ امتحانات سے متعلق ایڈمٹ کارڈز کی تیاری کا کام کیا جاسکا۔

چیئرمین بورڈپروفیسر انعام صورتحال کو سنبھال نہ سکے اور نتائج کے اجرا کے ایک ہفتے بعد کی تاریخ دے ڈالی۔ پروفیسر انعام نے کہا کہ ناظم امتحانات عمران چشتی تبدیلی کے باعث نہیں آئے اور دیگر افسران بھی بورڈ میں موجود نہیں ،قائم مقام ناظم امتحانات نے پہلے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے سے منع کیا لیکن بعد میں مشکل سے عہدہ کا چارج سنبھالا جس کی وجہ سے وقت پر نتائج جاری نہیں ہوسکے۔ اب ایک ہفتے بعد نتائج جاری ہوں گے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ چاروں ڈپٹی کنٹرولرز بھی پہلے ہی چھٹی پر جاچکے ہیں جس کی وجہ سے نتائج میں مزید تاخیر ہونے کا امکان ہے جبکہ قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر امتحانی امور کا تجربہ نہ رکھنے کے باعث چارج سنبھالنے سے گریزاں ہیں جس سےبورڈ میں نیا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفر ڈپٹی سیکرٹری اکاؤنٹس کے عہدے پر کام کر رہے تھے وہ ایک ماہ قبل ملازمت سے بھی مستعفی ہوچکے تھے تاہم چیئرمین نے ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا ۔ دریں اثنا محکمہ اینٹی کرپشن کی بورڈ کے چارملاز مین کے خلاف کارروائی کی سفارش کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس نے چاروں ملازمین کے خلاف کارروائی اور ان کے تبادلے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ جس سے انٹر بورڈ میں ایک نیا بحران پیدا ہوگیا ہے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سیکشن افسر برائے بورڈ نصر مکو کے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین محکمہ اینٹی کرپشن کے خط کی روشنی میں اسٹنٹ کنٹرولراطہر سعید، اسٹنٹ کنٹرولر مظفر علی خان، سب انجینئر کاشف مقصود اور اسٹینو گرافر عرفان احمد کا بورڈ میں دیگر جگہوں میں تبادلہ کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تبادلہ ہونے والے ایک ملازم نے کہا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن انتقامی کارروائی کر رہا ہےجس کی وجہ سے کوئی کنٹرولر کا چارج سنبھالے کو تیار نہیں جبکہ اُن کا کسی مسئلے سے کوئی تعلق نہیں وزیراعلیٰ ہاؤس کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment