اتوار, 12 مئی 2024


اسکولوں میں کمپیوٹر کی تربیت کا وفاقی حکومت سے معاہدہ

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/اسلام آباد) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے گرلز اسکولوں میں کمپیوٹر کی تربیت فراہم کرنے کیلئے وفاقی حکومت کا مائیکرو سافٹ سے معاہدہ طے پاگیا۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں دنیا کی رفتار سے چلنا ہوگا، مستند اداروں نے پاکستان کے جی ٹوئنٹی ممالک میں جلد شمولیت کی نوید سنادی ہے'۔
اسلام آباد میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت کیڈ کے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ سے معاہدہ کی تقریب منعقد ہوئی۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تحت اسلام آباد کے 107 اسکولوں کو کمپیوٹرائزڈ بھی کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ 'آج کا پاکستان ڈیجیٹل پاکستان بن رہا ہے، دیوالیہ ہونے کی باتیں کرنے والے سن لیں کہ عالمی ادارے پاکستان کے جی 20 ممالک میں شامل ہونے کی نوید سنا رہے ہیں'۔
وزیر برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ منصوبہ کے تحٹ 3 سال میں سالانہ 33 ہزار بچیوں کو کمپیوٹر کی تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے 422 تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
اس موقع پر مائیکرو سافٹ کی ریجنل جنرل مینجر نیلا ساران نے حکومتی اقدام کو سراہا اور کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے لئے کمپیوٹر کی جدید تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment