ھفتہ, 27 اپریل 2024


جامعہ کراچی اور پنک پاکستان ٹرسٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی: جامعہ کراچی اور پنک پاکستان ٹرسٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعہ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے جبکہ صدر پنک پاکستان ٹرسٹ کی ڈاکٹر زبیدہ قاضی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کا مقصد بریسٹ کینسر کے حوالے سے،اساتذہ،طلباوطالبات اور ان کے ذریعے معاشرے میں آگاہی کو فروغ دینا ہے تاکہ خواتین بروقت تشخیص کو ترجیح دیتے ہوئے معالج سے رجوع کریں۔

اس موقع پر پنک پاکستان ٹرسٹ کی صدر ڈاکٹر زبیدہ قاضی نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تقریباً چالیس ہزار اموات بریسٹ کینسر کی وجہ سے ہوتی ہیں اوردنیا میں ہر8میں سے ایک خاتون بریسٹ کینسر کا شکارہوسکتی ہے جس میں ایشائی ممالک بشمول پاکستان شامل ہے۔ چھاتی کے سرطان کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور علامات کی آگاہی نہ صرف اس بیماری سے بچنے بلکہ ابتدائی تشخیص کے لیے حوصلہ افزائی کرنے کا ایک مو ثر طریقہ ہے۔غربت، ناخواندگی اور جہالت جیسے عناصر بیماری کی تشخیص اور علاج معالجے میں تاخیر کا باعث بنتے ہیں۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعات کے اساتذہ اورطلبہ اس موذی مرض سے متعلق آگاہی اور شعور اجاگر کرکے اس مرض میں کمی لانے کے لئے خاطر خواہ کردار اداکرسکتے ہیں،کیونکہ جامعات ہی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلباوطالبات حصول علم کے لئے آتے ہیں اور یہ ہی آگاہی کو فروغ دینے اور شعور اجاگر کرنے کا سب سے بہترین ذریعہ بن سکتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment