ھفتہ, 27 اپریل 2024


جامعہ کراچی نے4سالہ بی ایس ڈیجیٹل میڈیامارکیٹنگ ڈگری پروگرام کاآغازکردیا

کراچی: جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ کے تحت چار سالہ بی ایس ڈیجیٹل میڈیامارکیٹنگ“ ڈگری پروگرام کی تعارفی تقریب منعقد کی گئی۔

تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے فروغ اور ذرائع مواصلات کی بے پناہ ترقی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنادیاہے جس میں حقائق کو چھپایانہیں جاسکتا۔ڈیجیٹلائزیشن کے اس دور میں اخلاقی اقداراور اخلاقیات کو نظراندازنہیں کرناچاہیئے۔دنیا تبدیل ہوگئی ہے اور عالمی رسائی کے لئے ٹیکنالوجی ضروری ہے،یہ نہ سمجھا جائے کہ روایتی میڈیا کی گنجائش کم یاختم ہوگئی ہے بلکہ ڈیجیٹل میڈیاکو بنیادیں روایتی میڈیا فراہم کررہاہے۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ بی ایس ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کی اہمیت وافادیت کے پیش نظر فیصلہ کیاگیاہے کہ گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ بھی انٹرمیڈیٹ پاس کرنے والے طلبہ کی طرح داخلے کے اہل ہوں گے۔

اس موقع پر شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کی صدر ڈاکٹر عصمت آراء نے کہا کہ یہ شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کا ویژن ہے جس کے نتیجے میں آج یہ ڈگری پروگرام متعارف کرایاجارہاہے۔ڈیجیٹل مارکیٹنگ ہمارے طلبہ کو انٹرپرینیورشپ کی طرف لے جائے گا اور ہمارے طلبہ اپنا کانٹینٹ خودتخلیق کرسکیں گے۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ جامعہ تواترکے ساتھ نئے ڈگری پروگرامز متعارف کرارہی ہے اور گزشتہ تین چارسال کے عرصے میں بی ایس ان پولٹری سائنس،بی ایس ان ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس،بی ایس ان میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی،بی ایس ان پبلک ہیلتھ اوراسی سال بی ایس ان اسپورٹس بزنس مینجمنٹ اوراب ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ متعارف کرایاجارہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment