اتوار, 12 مئی 2024


شہید بینظیربھٹو یونیورسٹی میں گورنر سندھ کی آمد

ایمزٹی وی (تعلیم)شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سکرنڈ کے سینیٹ کا پہلا اجلاس منعقد کی اگیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ جامعات کا قیام اور ان کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور خصوصاً مختلف شعبوں کیلئے مخصوص جامعات کے قیام سے ان شعبوں کے فروغ میں نمایاں مدد ملے گی جن میں ویٹرنری اور قانون کے شعبوں کی جامعات کا قیام شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ اعلیٰ تعلیم کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی حیثیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ مختلف شعبوں کے ماہرین نہ صرف ان شعبوں کی ترقی کے لئے کام کرتے ہیں بلکہ ان کے باعث ملک کے سماجی و معاشی شعبوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ، سماجی ، ماحولیاتی اور سیکیورٹی حوالوں سے مسائل کے حل میں جامعات سے فارغ التحصیل پروفیشنلز اور ماہرین نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور درازعلاقہ میں واقع ہونے کے باعث یونیورسٹی کو اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی کے حصول ، فنڈز کی فراہمی اور سیکیورٹی کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے ، جن کے حل کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر گورنر سندھ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم سید وجاہت علی اور وائس چانسلر ڈاکٹر کے بی میر بحر بھی موجود تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment