ھفتہ, 11 مئی 2024


پوزیشن ہولڈرز میں انعامات کی تقسیم

ایمزٹی وی(تعلیم)محمد علی جناح یونیورسٹی میں گزشتہ روز ایم بی اے اور بی بی اے کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ا سکا لر شپ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمحمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کے ساتھ ساتھ انکی بہتر تربیت پر بھی توجہ دیں تاکہ وہ معاشرے کے لئے ایک مفید شہری ثابت ہوں،والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کے روزمرہ کے معاملات سے ہرگز لاتعلقی اختیار نہ کریں بلکہ ان پر گہری نظر رکھیں تاکہ اگر وہ کسی غلط راستہ پر جارہے ہوں تو ان کو بروقت روکا جاسکے۔ طلبہ امور کے ڈائریکٹر بابر سلیم،کمپیوٹر سائنس کے شعبہ کے چیئرمین احمر عمر اور اسسٹنٹ پروفیسرز عظمیٰ خان اور حسن آفتاب بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر تقریباً چالیس طلباء و طالبات میں اسکالر شپ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ تعلیم محض ملازمت حاصل کرنے کے لئے ہی نہیں دی جاتی ہے بلکہ یہ فرد کو بہت کچھ سکھاتی ہے . یہ ہم کو معاشرہ میں ایک با وقار طریقہ سے جینے کا شعور فراہم کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی درسگاہ کی کامیابی میں اس کے طلبہ اور اساتذہ کے علاوہ والدین کا بھی حصہ ہوتا ہے ،مگر سب سے زیادہ ذمہ داری استاد کی ہوتی ہے وہ طلبہ کو انکے بہتر مستقبل کے لئے رہنمائی کا فریضہ انجام دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں سے حالات حاضرہ پر کھل کر بات کرنی چاہیے اور ان میں اعلیٰ اخلاقی قدروں کے فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ایک بہتر معاشرہ کی تشکیل کی جاسکے ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment