ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) آرٹس کونسل میں یوم آزادی کے بعد یوم دفاع شایان شان انداز میں منانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریبات کے ذریعے ملک بنانے والوں کو ٹری بیوٹ پیش کیا تھا اب ملک کا دفاع کرنیوالے شہدا و غازیوں کا جشن بھی شاندار انداز میں منائیںگے ۔ ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل کے سابق صدر محمد احمد شاہ نے نمائندہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا اس بار یوم دفاع کے دن آرٹس کونسل میں ملی و قومی گیتوں کے مقابلے سمیت دیگر پروگرام پیش کئے جائیںگے ۔ کراچی سمیت ملک بھر کے فنکار اس دن یوم دفاع کی رنگا رنگ تقریب میں شرکت کریں گے ۔ فنکاروں کی پرفارمنس شرکا کو قومی یک جہتی اور پاکستانیت کا پیغام دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یوتھ فیسٹیول کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں جس کا انعقاد آئندہ ماہ میں کیا جائیگا جس میں کراچی بھر کے نوجوانوں کو میوزک ، گلوکار ی ، اداکاری اور دیگر مقابلوں میں مواقع دیئے جائیں گے گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی یوتھ فیسٹیول کراچی کے پرامن امیج کو دنیابھر میں اجاگر کرنے کا سبب بنے گا۔