Saturday, 21 September 2024


فلم ’’مالک‘‘ کی نمائش پر پابندی کالعدم قرار

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) سندھ ہائی کورٹ نےفلم’’مالک‘‘ کے خلاف پابندی کالعدم قرار دیتے ہوئے فلم کوملک بھر میں ریلیز کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کےمطابق سندھ ہائی کورٹ میں ’’مالک‘‘ پر سے پابندی ہٹانے کے لیے فلم کے ڈائریکٹر عاشر عظیم نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فلم میں معاشرے کے حقائق دکھائے گئے ہیں۔

عاشر عظیم نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ فلم سینسر بورڈ کی اجازت اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریلیز کی گئی تھی لہذا حکومت کی پابندی غیرقانونی ہے۔

یاد رہے اس سے قبل گزشتہ سماعت میں عاشر عظیم کے وکیل فروغ نسیم نے دلائل میں موقف اختیار کیا تھا کہ آئین دفعہ 142 اور 144 کے تحت وفاقی مقننہ کو وفاقی لسٹ میں آنیوالے مضامین پر قانون سازی منع ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھاکہ سندھ میں کچھ سین نکال دیے گئے،جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں قابل اعتراض حصے چلائے گئے.فلم سے قابل اعتراض حصے نکال دیے جائیں تو ہمیں اعترض نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ فلم مالک کی ریلیز سے قبل وفاقی فلم سنسر بورڈ کی جانب سے فلم ’’مالک‘‘ کو سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا تاہم فلم کی ریلیز کے بعد فلم ’’مالک‘‘ کی ملک بھر میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

واضح رہے کہ فلم پر پابندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں بھی درخواستیں دائر ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی فلم پر پابندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے۔

Share this article

Leave a comment