Monday, 23 September 2024


کویت میں ڈرون سے قیدیوں کو منشیات پہنچانے کی کوشش

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) کویت کی سیکیورٹی فورسز نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں سینٹرل جیل کے احاطے سے ایک چھوٹا ڈرون طیارہ پکڑا ہے ، جس کی مدد سے جیل میں منشیات پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سینٹرل جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ حال ہی میں انہیں جیل کے قریب ایک عجیب سی آواز سنائی دی ۔ حکام نے اس کا پتا لگانے کی کوشش کی ، تو معلوم ہوا کہ جیل کے دوسرے اور تیسرے بلاک کے درمیان ایک بغیر پائلٹ چھوٹا ڈرون طیارہ اترا ہے ۔ اس ڈرون طیارے کے ساتھ مضبوط دھاگوں سے ایک برتن باندھا گیا تھا ، جس کے اندر پلاسٹک کے تین تھیلوں میں سفید رنگ کی مشکوک نوعیت کی منشیات رکھی گئی تھی ۔ پولیس نے منشیات اور ڈرون طیارہ قبضے میں لینے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا اس ڈرون طیارے کو کون کہاں سے کنٹرول کر رہا تھا اور یہ منشیات کس کے لیے بھجوائی گئی تھی۔

Share this article

Leave a comment