Friday, 20 September 2024


دھرنے سے قبل عمران خان کوبہترین پیشکش

ایمزٹی وی(لاہور) وزیردفاع خواجہ آصف نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم سیاستدان ہیں اور ہماری اولین ترجیح مذاکرات ہی ہی

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنا شہر پر حملے کے ہی برابر ہے تاہم مذاکرات اگر نتیجہ خیز ہوں تو ہم امن کے لیے عمران خان سے مذاکرات کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف پہلے عمران خان کے گھر چل کر گئے اور دھرنے کے بعد ہم اسمبلی میں انہیں لے کر آئے جس کا میں مخالف تھا لیکن دھرنے کے دوران طاہرالقادری سے بھی مذاکرات کیے کیونکہ ہم سیاستدان ہیں اور مذاکرات کی ہماری پہلی ترجیح ہیں، اگر ملک میں امن قائم ہوسکتا ہے یا ترقی کا راستہ بغیر روک ٹوک کھل سکتا ہے تو میں خود مذاکرات کے لیے ہر دروازے پر دستک دینے کو تیار ہوں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں 2 نومبر سے کوئی خطرہ یا پریشانی نہیں ہے کیونکہ اب تحریک انصاف کےچراغوں میں روشنی نہیں رہی، ہماری حکومت 2018 تک چلتی رہے گی، عمران خان کسی خوش فہمی یا غلط فہمی کا شکار ہیں کیونکہ وہ پہلے بھی 26 دن تک بیٹھے رہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ وقت بتائے گا پاناما لیکس کوئی ایشو بھی ہے یا نہیں لیکن وزیراعظم ہارے ہوئے لوگوں کی فرمائش پر کیوں استعفیٰ دیں، وہ کسی قیمت پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔

 

Share this article

Leave a comment