Friday, 20 September 2024


ڈی اے پی کھاد پر دی جانے والی سبسڈی ختم، درآمدات متاثر ہونے کا خطرہ

 

ایمز ٹی وی ( تجارت) ڈی اے پی کھاد پر دی جانے والی سبسڈی ختم ہو گئی ہے۔ امپورٹرز کے مطابق درآمدات متاثر ہونے سے قیمت 300 روپے اضافے سے 2800 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی اے پی کھاد کی درآمدات کے لئے دی گئی 8 ارب 80 کروڑ روپے کی سبسڈی اب ختم ہو چکی ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹوں میں ڈیپ کی فی بوری 300 روپے تک مہنگی ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے حکومتی حکام سے امپورٹرز کی بات چیت جاری ہے مگر اب تک حکومت نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا جس کے باعث درآمدکنندگان نے مزید ڈیپ کی امپورٹ نہ کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ ڈی اے پی درآمدات رک جانے سے اس کی فی بوری کی قیمت 300 روپے اضافے سے 2800 روپے تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ سیزن کے مقابلے میں رواں برس کسان ڈی اے پی کھاد کا مناسب استعمال کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ کئی فصلوں کی پیداوار اور معیار میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔ اس وقت ملک میں گندم کی فصل کی تیاری شروع ہو چکی ہے، ایسے وقت میں اگر ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو یقیناً اس کی پیداوار توقع سے کم رہنے کا خدشہ پیدا ہو جائے گا۔

 

Share this article

Leave a comment