Saturday, 21 September 2024


عدلیہ کی تاریخ سب سے خوفناک ہے، بلاول بھٹوزرداری

 


ایمزٹی وی (گڑھی خدا بخش)پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل نکلے ،دونوں باپ بیٹے نے اپنے خطابات کے دوران عدلیہ پر خوب طنز کے تیر برسائے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آمرﺅں نے مارشل لا لگائے لیکن عدلیہ کی تاریخ سب سے خوفناک ہے ،عدلیہ نے ہمارے ساتھ کبھی انصاف نہیں کیا ،دیکھنا ہے کہ آج پاکستان کے ساتھ انصاف کرتی ہے یا نہیں ۔

بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے کہاکہ جب ضیا الحق نے مارشل لا لگا یا تو بیگم نصرت بھٹو کیس میں اس مارشل لا کو جائز قرار دیا گیا ،پھر شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جب بے نظیر بھٹو کی حکومت کاخاتمہ کیا گیا تو وہ عدالت گئیں لیکن انہیں بھی انصاف نہیں ملا لیکن جب نواز شریف کی اسمبلیاں توڑی گئیں تو انہیں بحال کردیا گیا،جب نواز شریف نے عدالت پر حملہ کیا تو انہیں عدالتوں نے کلین چٹ دے دی ۔چیئر مین پیپلز پارٹی نے استفسار کیا کہ کیا سو موٹو کی تلوار صرف ہمارے لیے ہیں ،میں پوچھتا ہوں اصغر خان کیس کا فیصلہ آج تک کیوں نہیں ہوا ،میں پوچھتا ہوں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا فیصلہ آج تک کیوں نہیں ہوا ۔

اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی اپنے خطاب میں عدلیہ پر کھل کر بات کی اور کہا سابق حکومت کے دور میں دوججوں نے الیکشن مہم میں حصہ نہیں لینے دیا کیونکہ میں صدر تھا ،اگر صدر غیر سیاسی عہدہ ہے تو اس کو ختم کردیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ سے خوفزدہ نہیں ہیں بلکہ اس کا احترام کرتے ہیں ،امید ہے کہ عدلیہ مستقبل میں آئین و قانون کے مطابق فیصلے دے گی ۔

 

Share this article

Leave a comment