Saturday, 21 September 2024


آسٹریلوی بالرز کے ہاتھوں بھارتی کھلاڑیوں کی درگت

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی شیروں کی درگت بناتے ہوئے انہیں بھیگی بلی بنا دیا ہے اور پوری ٹیم کو 105 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ بھارتی کھلاڑی اپنے ہی بنائے ہوئے جال میں پھنس گئے اور سٹیو او کیف کی گھومتی گیندوں سے ایسے چکرائے کہ صرف 11 رنز کے عوض 7 کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے۔ بھارتی بلے بازوں کی اس قدر ناقص کارکردگی پر میڈیا کا بھی چیخ چیخ کر برا حال ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم پونے میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پوری ٹیم 260 رنز پر آﺅٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا 68 اور مچل سٹارک 61 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے اور کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
پہلی اننگز میں اتنے کم اسکور پر آﺅٹ کرنے کے بعد بھارتی ٹیم بہت ہی خوش تھی اور پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کی امید بھی لگا لی لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ ان کیساتھ آسٹریلیا سے بھی زیادہ برا سلوک ہونے والا ہے۔ بھارتی اوپنر لوکیش راہول نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے جس کے بعد تمام بلے باز خزاں کے پتوں کی طرح جھڑ گئے اور 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔
ویرات کوہلی کو مچل سٹارک نے کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا تو او کیف کی ”بمباری“ شروع ہو گئی جنہوں نے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جس کی بدولت بھارت کی پوری ٹیم صرف 105 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ بھارت بلے بازوں کی اس قدر ناقص کارکردگی پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین حواس باختہ ہو گئے۔
 

 

Share this article

Leave a comment