Sunday, 22 September 2024


انسانی اعضاءکی خریدو فروخت کا کاروبار

 

ایمز ٹی وی(صحت / راولپنڈی ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی افشاں اعجاز صوفی نے بھی گردوں کی غیرقانونی خرید وفروخت کے الزام میں گرفتار کڈنی سینٹر کے مالک ڈاکٹر کرنل ریٹائرڈ مختار حامد شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ قبل ازیں سول جج راولپنڈی وعلاقہ مجسٹریٹ وقار منصور بریار نے ان کی درخواست کو مسترد کیا تھا.

 

گزشتہ روز ملزم کی طرف سے عنصر نواز مرزا نے دلائل دیئے جبکہ متاثرین کے وکیل اسد عباسی اور یاسر حسین شاہ ترمزی کا موقف تھا کہ گردوں سمیت انسانی اعضاء کی خریدو فروخت کا کاروبار سراسر غیرقانونی ہے لیکن ملزم اپنے بچوں اور دیگر عملے کے ساتھ ملکر پیسے بٹورنے کیلئے طویل عرصے سے یہ غیرقانونی کاروبار کر رہا تھا۔

 

تھانہ مورگاہ میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے بعد اعلٰی سطح پر باقاعدہ ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی تھی جس نے میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے ملزم کو اس غیرقانونی کام میں ملوث پاکر قصوروار ٹھہرایا تھا، اندراج مقدمہ کے بعد ملزم مفرور رہا اور ملزم کی طرف سے آج دن تک جتنی بھی پٹیشن سیشن اور ہائی کورٹ کی سطح پر دائر کی گئیں وہ سب کی سب سماعت کے بعد خارج ہوئیں۔ محض زیادہ عمر یا بیماری کو جواز بناکر ضمانت حاصل نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے متاثرین کے وکلا ءکی بحث سننے کے بعد گزشتہ روز بھی ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

 

Share this article

Leave a comment