Saturday, 21 September 2024


سعودی عرب میں آٹھ ہزار رہائشی یونٹ تعمیر

 

ایمز ٹی وی(ریاض) خادم حرمین الشریفین نے ایشیائی ممالک چین، جاپان،برونائی، انڈونیشیااور ملائیشیا کا21روزہ دورہ مکمل کرلیا۔ دورے میں تجارتی معاہدے، ممالک کے باہمی دلچسپی کے امورپر مفاہمتی یاداشتوں سمیت کئی اہم معاہدے کر لئے۔ 21دنوں کے دوران شاہ سلمان نے 34گھنٹے فضائی سفر کیا ، 25 ملاقاتیں کیں، 27 معاہدے کئے ، 20 خطابات اور تقاریر ، ڈاکٹریٹ کی 3 اعزازی ڈگریاں اور 5 شہری اعزازات حاصل کئے۔ چین کے ساتھ 65ارب، انڈونیشیا کے ساتھ4ارب ڈالر کے معاہدے ہوئے جبکہ جاپان کے ساتھ صنعت کاری ، بجلی ،خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں13معاہدے ہوئے۔
خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات میں چین نے مسئلہ فلسطین کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے سعودی مئوقف کی حمایت کی ۔جاپان کے دورے میں مشرق وسطی کے معاملات اور بحرانات کے حل کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں اضافے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شراکت داری ، مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے کے مفہوم میں گہرائی پیدا کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
سعودی عرب اور جاپان نے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ ان میں تیل ، صحت ، واٹر ڈیسیلی نیشن اور گاڑیوں کی صنعت کے شعبے شامل ہیں۔ سعودی ارامکو نے تیل اور توانائی کی جاپانی کمپنی نیپون کے ساتھ دو طرفہ منفعت کے حامل ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ سعودی ارامکو نے ایک دوسرا معاہدہ برقی اور الکٹرونک انجینئرنگ کی جاپانی کمپنی یوکو جاوا کے ساتھ کیا۔ اس کے علاوہ کنگ عبدالعزیز سٹی فار سائنس اینڈ ٹکنالوجی اور جاپان کی خلائی دریافت کی تنظیم کے درمیان خلائی سائنس اور ٹکنالوجی کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ طے پایا۔
برونائی دارالسلام کے دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون کا میدان وسیع کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر توجہ مرکوز رہی۔
ملائیشیا کے دورے میں دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور توسیع لانے ، سیاسی تعاون بڑھانے اور مشترکہ دل چسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات کو زیر بحث لانے پر اتفاق رائے ہوا۔
انڈونیشیا میں سعودی اور انڈونیشی حکومتوں کے درمیان 11 معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ ان میں دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کمیٹی میں نمائندگی کی سطح کو بڑھانا ، ترقیاتی منصوبوں میں ایک ارب ڈالر کا حصہ ڈالنا ، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں مل کر کام کرنا ، صحت ، ہوابازی ، سائنسی تحقیق ، اعلی تعلیم اور اسلامی امور کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ جکارتا میں انڈونیشی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان 2.4 ارب ڈالر مالیت کے متعدد معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ان میں پراپرٹی ،ہاؤسنگ ، بجلی کی پیداوار ، صحت اور سیاحت کے شعبے شامل ہیں۔ انڈونیشی کمپنی ایک ارب ڈالر کے منصوبے کے تحت سعودی عرب میں آٹھ ہزار رہائشی یونٹ تعمیر کرے گی۔ اس کے بدلے سعودی عرب انڈونیشیا میں توانائی کی پیداوار کے لیے دس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

 

Share this article

Leave a comment