Saturday, 21 September 2024


بھارت کے حربے ناکام ، رانچی ٹیسٹ میچ نتیجے پر نہ پہنچ سکا

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بھارت اور آسٹریلیاکے درمیان کھیلا گیا تیسرا ٹیسٹ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے اور 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ میچ کے پانچویں روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔
تفصیلات کے مطابق رانچی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلی اننگز میں 451 رنز بنائے۔ کپتان سٹیو سمتھ نے بھارتی باﺅلرز کی خوب درگت بنائی اور 178 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ گلین میکس ویل نے 104 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں میٹ رینشاءنے 44، ڈیوڈ وارنر نے 19، شان مارش نے 2، پیٹر ہینڈزکومب نے 19، میتھیو ویڈ نے 37، پیٹ کومنز نے 0، سٹیو او کیف نے 25 اور نیتھن لیون نے 1 سکور بنایا جبکہ جوش ہیزل ووڈ کھاتہ کھولے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجہ نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 124 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ اومیش یادیو نے 3 اور روی چندرن ایشوین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 451 رنز کے جواب میں بھارتی بلے بازوں نے بھی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور چتیشور پجارا کی عمدہ ڈبل سنچری کی بدولت 603 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے آسٹریلیا کے خلاف 152 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ چتیشور پجارا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 202 رنز بنائے جبکہ وردھیومن ساہا نے 117 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں لوکیش راہول نے 67، مرلی وجے نے 82، ویرات کوہلی نے 6، اجنکیا ریہانے نے 14، کرون نائیر نے 23، روی چندرن ایشوین نے 3، رویندرا جدیجہ نے 54 اور اومیش یادیو نے 16 رنز بنائے جبکہ ایشانت شرما کھاتہ کھولے بغیر ہی آﺅٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کومنز سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سٹیو او کیف نے 3کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے اور میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گیا۔ بھارتی باﺅلرز نے آسٹریلیا کے اوپننگ بلے بازوں کو جلد ہی ٹھکانے لگا دیا اور صرف 63 رنز پر 4 کھلاڑی آﺅٹ ہو چکے تھے تاہم شان مارش اور پیٹر ہینڈز کومب بھارتی باﺅلرز کیلئے آہنی دیوار ثابت ہوئے اور ان کے تمام حربے ناکام بناتے ہوئے ٹیم کو یقینی شکست سے بچا لیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 53 اور 72 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
 

 

Share this article

Leave a comment