Saturday, 21 September 2024


ون ڈے سیریز میں بھارت کو مات

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ویسٹ انڈیز کو تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دینے کے بعد پاکستان نے ناصرف تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں فتح حاصل کی بلکہ اس کامیابی کے ساتھ ہی ایک روزہ میچز کی تاریخ میں دوسری کامیاب ترین ٹیم بھی بن گئی۔ پاکستان نے تیسرے ایک روزہ میچ میں ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 1-2 سے جیت لی۔ اس فتح کے ساتھ پاکستانی ٹیم کرکٹ کی تاریخ میں دوسری کامیاب ترین ون ڈے ٹیم بن گئی جس نے 874 ایک روزہ میچوں میں سے 460 میں کامیابی حاصل کی۔ ایک روزہ میچوں کی تاریخ کی سب سے بہترین ٹیم آسٹریلیا ہے جس نے 898 میچوں میں سے 554 میچز جیتے جبکہ 4 بار عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس سنگ میل کے حصول کے ساتھ ہی پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جس نے 907 ایک روزہ میچوں میں سے 459 میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کا بھارت کے خلاف ایک روزہ میچز کا ریکارڈ بھی انتہائی متاثر کن ہے اور اس نے روایتی حریف کو 127 میچوں میں سے 72 میں شکست دی۔ ایک روزہ میچوں میں شاندار ریکارڈ کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی پاکستان کی کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے اور گرین شرٹس نے 114 میچوں میں سے 67 میں فتوحات سمیٹیں۔ البتہ ٹیسٹ میچوں میں اعدادوشمار قدرے مختلف ہیں جہاں پاکستان 407 ٹیسٹ میچز میں سے 130 کامیابیاں حاصل کر کے چھٹی بہترین ٹیم ہے۔ مجموعی طور پر تینوں فارمیٹ میں پاکستان تیسری بہترین ٹیم ہے جس نے ایک ہزار 395 میچز میں سے 657 میں کامیابیاں اپنے نام کیں۔ آسٹریلیا مجموعی طور پر ایک ہزار 792 میچوں میں سے 978 میں فتح حاصل کر کے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بہترین ٹیم قرار پائی۔ انگلینڈ ایک ہزار 758 میچوں میں سے 727 جیت کر دوسری جبکہ بھارت نے ایک ہزار 500 میچز میں سے 646 انٹرنیشنل میچز جیتے۔

 

 

Share this article

Leave a comment