Saturday, 21 September 2024


پشاور زلمی کا ایک اور بڑا اعلان

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن ٹیم پشاور زلمی نے اقلیتی برادری کو آئندہ پاکستان سپر لیگ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پشاور زلمی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق چیمپئن ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے گردوارہ ننکانہ صاحب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکھ برادری کے تہوار میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے پہلے سکھ کرکٹر مہندر پال سنگھ اور دیگر سکھ برادری نے محمد اکرم کا خیر مقدم کیا۔ محمد اکرم نے سکھ برادری میں پشاور زلمی کی کٹس مفت تقسیم کیں اور چیئرمین جاوید خان آفریدی کی جانب سے اعلان کیا کہ پشاور اور ننکانہ صاحب میں پشاور زلمی فاءونڈیشن کی جانب سے ٹیلنٹ ہنٹ منعقد کرایا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت دو ٹیموں کے درمیان میچ کا انعقاد کیا جائے گا اور ان میں سے پانچ بہترین کھلاڑیوں کو پشاور زلمی کے سمر کیمپ میں تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اقلیتی برادری کے بہترین کھلاڑی کو پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں ساتھ لے کر جائے گی اور یہ کھلاڑی پی ایس ایل تھری میں پشاور زلمی سکواڈ کے ساتھ رہے گا۔ محمد اکرم کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی مستقبل میں بھی اقلیتی برادری کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم رکھتی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment