Saturday, 21 September 2024


مشہور لوک فنکاروں کو خراج عقیدت

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) اسلام آباد کے لوک ورثا میں عظیم لوک فنکاروں کے بچوں کو لائیو کنسرٹ میں فن کا مظاہرہ کرنے کی دعوت دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق لوک ورثا میں سالانہ 10 روزہ لوک میلے کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے آخری روز ان فنکاروں نے اوپن ایئر تھیٹر میں فن کا مظاہرہ کیا۔ اس ایونٹ میں مشہور لوک فنکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جن کے ذریعے نئی نسل کو پرفارم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی دیا گیا۔ اس شو کا آغاز اکبر خان خمیسو کی پرفارمنس سے ہوا جنہوں نے اپنے دو گانوں پر پرفارم کرکے اپنے والد استاد خمیسو خان کو خراج عقیدت پیش کیا، ان دو گانوں میں سے پہلا سندھ کا لوک گیت تھا جبکہ دوسرا پاکستان کے تمام صوبوں سے لی گئی مشہور دھنوں پر مبنی گانا تھا۔ اکبر خمیسو کا تعلق سندھ سے ہے، جو اپنی منفرد موسیقی کے باعث جانا جاتا ہے، وہ موسیقی کے آلا الگوزا پر سندھی دھنیں بجاتے ہیں۔ ان کے بعد میوزک کمپوزر اور موسیقار تاج محمد تجل بلوچ نے اپنے بنجو پر دو گانے پرفارم کیے، ان کے ساتھ پشتو گلوکارہ پروین رانی نے بھی پرفارم کیا۔ تاج محمد تجل بلوچ مشہور بلوچ گلوکار فیض محمد بلوچ کے بیٹے ہیں۔ بلوچی گلوکار مراد پروقی کے بیٹے لیاقت پروقی نے بھی اس ایونٹ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر نامور میوزک کمپوزر وزیر افضل نے اپنا البم 'رنگلا پنجاب' بھی لانچ کیا۔ پشتو گلوکارہ زرسنگا کے بیٹے شہزادہ نے بھی چار پشتو گانے پرفارم کیے، جن کو رباب، تبلے اور ڈھولک کی دھنوں نے خوبصورتی سے پیش کیا۔

 

Share this article

Leave a comment