Friday, 20 September 2024


شعیب ملک چھٹی بار چیمپئنز ٹرافی کھیلنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک لگاتار چھٹی بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپینز ٹرافی کھیلنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
 
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شعیب ملک کے علاوہ دنیا بھر سے صرف 8 کھلاڑی ایسے ہیں جو چھ بار اس ٹورنامنٹ کا حصہ بن چکے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، بھارت کے راہول ڈریوڈ، نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری، جنوبی افریقہ کے مارک باو¿چر اور جیک کیلس اور سری لنکا کے سنتھ جے سوریا، مہیلا جے وردنے اور کمار سنگاکارا شامل ہیں۔
 
اس ٹورنامنٹ کیلئے چھٹی بار پاکستان ٹیم میں شامل کئے جانے پر شعیب ملک نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جیسے بہترین ٹورنامنٹ کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کئے جانے پر میں بہت خوش ہوں۔ 6 بار یہ ٹورنامنٹ کھیلنے والے دیگر کھلاڑیوں کے ناموں کو دیکھتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے، کیونکہ یہ تمام کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کھلاڑی ہیں۔“
واضح رہے کہ 35 سالہ شعیب ملک اس سے قبل 2002، 2004، 2006، 2009 اور 2013 میں اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے 15 میچوں میں 10 وکٹیں اور 326 رنز بنا رکھے ہیں۔ انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کا آغاز یکم جون سے ہو رہا ہے جو کہ 18 جون تک جاری رہیں گے جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ روائتی حریف بھارت کے خلاف 4 جون کو کھیلے گا۔
 

 

Share this article

Leave a comment