Saturday, 21 September 2024


جامعہ کراچی اور ایچ ای سی کے درمیان اتفاق

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان اور جامعہ کراچی کے مابین ایم فل لیڈنگ ٹوپی ایچ ڈی پروگرام جاری رکھنے اورمذکورہ پروگرام کے حامل طلبا کی اسناد کی تصدیق پراصولی اتفاق ہوگیا ہے یہ اتفاق ایچ ای سی کی جانب سے جامعہ کراچی بھجوائے گئے وفد اوریونیورسٹی انتظامیہ کے مابین ہوا ہے۔
جامعہ کراچی آنے والے بے اختیار وفد نے معاملے کوایچ ای سی کی حتمی منظوری سے مشروط کردیا واضح رہے کہ اس فیصلے اور اس کی منظوری سے جامعہ کراچی کے ایم فل، پی ایچ ڈی کے مجموعی طورپر 2200 طلبہ وطالبات کا مستقبل مشروط ہے تاہم اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن اور جامعہ کراچی کی مجلس برائے اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے اراکین کے مابین اجلاس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمد اجمل خان موجود تھے جبکہ ایچ ای سی کی جانب سے ڈاکٹراسماعیل اوررفیق بلوچ شریک ہوئے۔
اجلاس میں 3 نکات پراصولی اتفاق کیا گیا جس میں 2015 تک متعلقہ پروگرام میں انرولڈ ہونے والے طلبہ وطالبات کو ایم فل سے پی ایچ ڈی میں کنورژن اوران کی اسنادکی ایچ ای سی کی جانب سے تصدیق پر اتفاق کیا گیا تاہم ایسے طلبا کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنے متعلقہ ڈگری پروگرام کی تکمیل مقررہ مدت 7 سال میں کرلیں۔
واضح رہے کہ ایسے طلبا کی تعداد 1615ہیں جو اس معاملے سے متاثرہ کل طلبا کا72فیصد ہیں،2016-17 میں ایم فل پروگرام میں داخلہ لینے والے طلبا کوبھی پی ایچ ڈی میں کنورژن کی اجازت دینے پر اصولی اتفاق ہوا تاہم اگر وہ چاہیں تومحض ایم فل کی سند بھی لے سکیں گے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ایچ ای سی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی تکمیل کے 3 برس کے بعد طلبا کوسپروائز کرنے کی شرط پر طویل بحث ہوئی اور بظاہرایچ ای سی کی جانب سے آئی ہوئی ٹیم اس شق کوختم کرنے پر بھی راضی ہوگئی تاہم مہمان کمیٹی نے ان تمام فیصلوں کی توثیق کمیشن کی منظوری سے مشروط کی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment