Saturday, 21 September 2024


بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کو وائس چانسلر کی تلاش

 

ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی ) بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکلز ڈیولپمنٹ خیرپور کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے قائم کمیٹی نے کم درخواستوں کے باعث ناموں کے انتخاب کے بجائے وائس چانسلر کی اسامی دوبارہ مشتہر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ کی سربراہی میں ہونے والے تلاش کمیٹی کے اجلاس میں 5امیدواروں کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کی گئی تو صرف دو امیدوار اہل قرار پائے جن میں موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ اور مہران یونیورسٹی کے ڈاکٹر حسین بخش مری شامل تھے جبکہ تین امیدوار تجربہ نہ ہونے اور متعلقہ شعبے سے تعلق نہ رکھنے کی وجہ سے مسترد کر دیئے گئے۔ مسترد کئے جانے والوں میں خبیر پختونخواکی جامعہ کے حیاتیاتی کیمیا کے پروفیسر امتیاز احمد خان، مہران یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر وحید عمرانی اور مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کے شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کے ڈاکٹر فرمان علی شاہ شامل تھے۔
کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر ایس اے رفیقی، انوار حیدر، ڈاکٹر فرید راجپوت، سیکرٹری سندھ ہائر ایجوکیشن نوید شیخ اور مظہرالحق صدیقی اور جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ نے طے کیا کہ قاعدے کے مطابق وزیراعلیٰ کو تین نام بھیجے جانے ضروری ہیں اور یہ دو نام ہیں۔ اجلاس میں دوبارہ اشتہار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

Share this article

Leave a comment