Saturday, 21 September 2024


تیز رفتار گاڑی نے نمازیوں کو کچل ڈالا

 

ایمزٹی وی (لندن)شمالی لندن کی فنز بری مسجد کے باہر ایک شخص نے لوگوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے باعث متعدد نمازی زخمی ہو گئے ۔متاثرہ افراد نماز کے بعد مسجد سے باہر آرہے تھے۔
ذرائع کے مطابق سیون سسٹر روڈ پر واقع فنزبری مسجد کے باہر ایک وین ڈرائیور نے نمازیوں کو اس وقت کچل دیا جب وہ عبادت کے بعد مسجد سے باہر آرہے تھے۔واقعے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مسلم کونسل برطانیہ کا کہنا ہے کہ وین ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی لوگوں پر چڑھا دی۔' عینی شاہدین کے مطابق یہ علاقہ خاصا مصروف تھا کیونکہ رمضان کے سبب لوگ شام کی نماز ادا کرنے آئے تھے۔
سیون سسٹر روڈ کے قریب ایک فلیٹ میں رہنے والی عینی نے بتایا کہ ہر کوئی چیخ رہا تھا۔ ہر کوئی کہہ رہا تھا کہ وین نے لوگوں کو ٹکر مار دی ہے۔ لوگ مسجد سے نماز ادا کر کے نکل رہے تھے کہ وین نے انہیں ٹکر مار دی۔
لندن میٹروپولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ سیون سسٹر روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر ہنگامی خدمات کی تعیناتی کی گئی ہے۔ اس حادثے کی ایک آن لائن ویڈیو میں لوگوں کو زخمیوں کی مدد کرتے ہوئے اور ایک آدمی ایک زخمی کو ہنگامی طبی امداد دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔اس سے پہلے تین جون کو لندن برج پر اور اس کے پاس کے علاقے میں لوگوں پر حملہ ہوا تھا جسے پولیس نے شدت پسند حملہ قرار دیا تھا۔

 

Share this article

Leave a comment

comments18