ایمزٹی وی (امریکا)امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا نصف عرصہ منفی اثرات کا سامنا کرتے گزرا اورغیرمستحکم افغانستان کے منفی اثرات 38 سال سے بھگت رہے ہیں۔
میڈیاذرائع کے مطابق اعزاز چوہدری کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف پالیسی پرردعمل پرکہنا تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے، پاکستان نے مستحکم اور پرامن افغانستان کے لیے عالمی کوششوں کا مستقل ساتھ دیا ہے، غیرمستحکم افغانستان کے منفی اثرات 38 سال سے بھگت رہے ہیں۔ پاکستان کا اپنے قیام سے آج تک کا نصف سے زائد عرصہ انہی اثرات کا سامنا کرتے گزرا۔
اعزازچوہدری نے کہا کہ پاکستان کا انسداد دہشت گردی میں کسی سے موازنہ نہیں، پاکستان کی سرزمین کسی بھی دہشت گرد کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں ہے، افغان قیادت ہی مفاہمتی عمل کو کامیاب بناسکتی ہے اورامریکی قیادت سے مل کرنئی پالیسی جاننے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان پالیسی میں پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان افراتفری پھیلانے والے افراد کو پناہ دیتا ہے جب کہ آئندہ کیلیے پاکستان سے ایک بار پھرڈومور کا مطالبہ کیا ہے۔