Saturday, 21 September 2024


کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے, گورنر سندھ

 

ایمز ٹی وی (کراچی ) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقا ت کی ۔ ملاقات میں کشمیر کی جاری صورتحال ،حق خود ارادیت تحریک میں پاکستان کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت، مقبوضہ کشمیر میں حق خودارادیت کی جدوجہد ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے حل،صوبہ میں آباد کشمیریوں کو سہولیات کی فراہمی اور دیگر اہمیت کے حامل امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے بغیر تکمیل پاکستان نا مکمل ہے ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت نہ دینا اقوام عالم کے لیے سوالیہ نشان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کی پامالی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ گورنرمحمد زبیر نے کہا کہ سندھ میں آباد کشمیری کمیونٹی صوبہ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے ،وفاقی حکومت ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے ۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ سے بلوچستان اسمبلی کی اسپیکر راحیلہ درانی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں جاری صورتحال، باہمی دلچسپی اور سندھ بلوچستان کے مختلف امور سمیت اہمیت کے حامل دیگر موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں، وفاق کے تعاون سے کراچی میں لیاری ایکسپریس وے ، گرین لائن اور پینے کے صاف کا پانی کا میگا پروجیکٹ K-IV تکمیل کے آخری مراحل میں ہے .

وفاق نے کراچی ترقیاتی پیکیج بھی دیا ہے ، جس کے تحت 25 ارب روپے مالیت کے منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان سے ہو تا ہوا کراچی سے منسلک ہو جائے گا . قدرتی بندرگاہوں کے باعث کراچی کو تجارتی لحاظ سے اہمیت حاصل ہے ، اس ضمن میں صنعتی علاقوں اور بندر گاہوں کے اطراف میں انفرا اسٹرکچر کی ترقی و بحالی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔

 

Share this article

Leave a comment