Sunday, 10 November 2024


آج مون سون کی پہلی بارش ہوگی

ایمزٹی وی(کراچی)شہر قائد میں آج  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مون سون کی پہلی  بارش کا امکان ہے۔ 

ذرائع کے مطابق کراچی کے شہری آج مون سون کی پہلی بارش کے لیے تیار ہوجائیں محکمہ موسمیات نے آج شہرقائد میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

کراچی میں گزشتہ کئی روز سے بادلوں نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں لیکن ہواؤں کی بندش کے باعث حبس اورگرمی سے شہری بے حال تھے، تاہم مون سون کی پہلی بارش سے شہر میں حبس اورگرمی کا زور ختم ہوجائے گا۔ کراچی میں آج بھی صبح سے کالے بادلوں کا راج ہے جس کے باعث موسم بھی بے حد سہانا ہورہاہے۔ 

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارشوں کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے، تاہم بارشیں شدید نوعیت کی نہیں ہوں گی، زیادہ سے زیادہ 20 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔ کراچی میں جولائی اور اگست میں زیادہ بارشیں دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی اورتیز بارشوں کاسلسلہ جاری ہے، لاہور میں صبح سے ہی بوندا باندی اور ہارون آباد و گردونواح میں بھی ہلکی بارش ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ میرپور ساکرو میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

 
 

Share this article

Leave a comment