Sunday, 10 November 2024


ویسٹ انڈیز ٹیم کا پلڑا پاکستانی ٹیم کے مقابلے بھاری

پاکستانی کرکٹ ٹیم، ورلڈکپ 2019 میں 30 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی جبکہ عالمی کپ کے مقابلوں میں قومی ٹیم پر ویسٹ انڈیز کو واضح برتری حاصل ہے۔
 
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ورلڈکپ میں اب تک 10 میچز کھیلے گئے ہیں جہاں ویسٹ انڈیز کا پلڑا بھاری رہا ہے۔
 
اب تک عالمی کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچوں میں ویسٹ انڈیز نے 7 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان ٹیم صرف 3 میچز ہی جیت سکی۔
 
1975 سے 1983 تک پاکستان کو ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کوئی کامیابی نہیں ملی تھی لیکن پھر 1987 کے عالمی کپ میں قومی ٹیم نے پہلی کامیابی حاصل کی۔
 
پاکستان نے 1987 کے عالمی کپ میں عمران خان کی زیر قیادت پہلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
 
1992 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی تھی لیکن 1999 کے ایونٹ میں وسیم اکرم کی قیادت میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔
 
2003 اور 1996 کے ایونٹ میں دونوں ٹیمیں مدمقابل نہیں آسکیں لیکن 2007 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کو مات دی۔
 
2011 میں پاکستان نے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی لیکن 2015 کے عالمی کپ میں پاکستان کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
 
دونوں ٹیمیں ورلڈکپ 2019 کے لیے متوازن ہیں اور کرکٹ ماہرین کی رائے ہے کہ یہ مقابلہ بہت ہی دلچسپ ثابت ہوگا۔
 
حالیہ پرفارمنس کی بات کی جائے تو دونوں ٹیموں کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، جہاں سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو بنگلہ دیش سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ نے پاکستان کو 0-4 سے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں مات دی۔

Share this article

Leave a comment