سندھ میں کورونا وائرس کا شکار پہلا مریض یحییٰ جعفری مکمل صحت یاب ہوگیا جس کے بعد اسے اسپتال سے فارغ کردیاگیا۔
اسپتال حکام کے مطابق مریض کا دوبارہ کیا جانے والا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس کی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا پہلا شخص صحت یاب ہوگیا اور اُسے آج اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صحتیاب ہونے والے نوجوان یحییٰ جعفری اور اس کے اہلخانہ کو مبارکباد دی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق 22 سالہ نوجوان یحییٰ جعفری کو آغا خان اسپتال کے آئسولیشن وارڈ سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
یحییٰ جعفری میں 26 فروری کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، وہ 20 فروری کو ایران سے کراچی آیا تھا۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق یحییٰ جعفری کے 3 بار کرونا وائرس کی تصدیق کے ٹیسٹ ہوئے مگر اس میں بیماری کی کوئی علامات سامنے نہیں آئیں جس کے بعد اسے صحت مند قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 6 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ متاثرہ تمام افراد نے ایران کا سفر کیا تھا۔
اب تک کراچی میں 3، اسلام آباد میں 2 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔
مختلف ممالک میں کورونا کی صورتحال
دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس کے ایک لاکھ 3 ہزار 737 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 3522 افراد ہلاک اور 58546 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
دنیا میں سب سے زیادہ 80 ہزار 651 کیسز صرف چین میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
چین میں وائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 55 ہزار 510 ہے جبکہ 22 ہزار 71 افراد زیر علاج ہیں اور وائرس سے 3 ہزار 70 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ جانی نقصان اٹلی میں ہوا جہاں اب تک 197 لوگ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ 4636 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جن میں سے 532 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 3916 افراد زیر علاج ہیں۔
ہلاکتوں کے اعتبار سے تیسرا سب سے زیادہ متاثر ملک ایران ہے جہاں آج بھی 1076 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 823 ہوگئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 145 تک پہنچ گئی ہے۔ ایران میں 1669 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 4009 افراد زیر علاج ہیں۔