Sunday, 10 November 2024


نویں اور دسویں کےامتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کےدوران سال 2020 کا اکیڈمی سیشن کااعلان کرتے ہوئے نویں اور دسویں کے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا۔جس کے مطابق 15 جون سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہوں گے جو 15 دن تک چلیں گے۔ جس کے بعد 15 اگست 2020 کو دسویں جماعت کے رزلٹ کا اعلان ہوگا۔
 
وزیر تعلیم سعید غنی کاکہنا تھا کہ6 جولائی 2020 میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے۔15 ستمبر 2020 کو گیارہویں اور بارہویں جماعت کےامتحانات کے نتائج آئیں گے۔انٹر کے تعلیمی سال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ گیارہویں اور بارہویں کا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا۔ گیارہویں جماعت کے داخلے 15 جولائی سے شروع ہوں گے، بچوں کا کالج میں ایڈمیشن نویں جماعت کے رزلٹ پر ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے شروع ہونے والا تعلیمی سال یکم جون سے شروع ہوگا، اگر حالات مزید خراب ہوئے تو مزید تبدیلیاں کریں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ والدین کہہ رہے ہیں کہ اسکول بند ہیں تو فیس کیوں دیں؟ عدالت کے فیصلے کے مطابق تمام والدین ماہانہ فیس دیں گے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ عدالتی حکم تھا کے اسکول بچوں سے ایڈوانس فیس نہیں لےگا، عدالت نے گرمیوں کی فیس روکنے کا اعلان نہیں کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر مذہبی رہنماؤں کی مدد کا شکر گزار ہوں، مذہبی رہنماؤں نے اپنی سرگرمیاں محدود کی ہیں۔
 
سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی ایڈوائزری پر عمل کیا جائے، حکومت نے جو بھی فیصلے کیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئے۔ہم نے ایسے ادارے بھی بند کرائے جو کبھی بند نہیں ہوئے تھے، اسٹیرنگ کمیٹی میں پرائیوٹ اسکولز کے اراکین بھی تھے۔کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، بچوں کے والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ بچوں کو محفوظ رکھیں، ہم بچوں کی صحت پر پریشان ہیں، بچوں کو گھروں میں رکھیں۔
 

Share this article

Leave a comment