اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل رجسٹریشن کی مدت میں تیس روز تک کی توسیع کردی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موبائل کی رجسٹریشن توسیع کے بعد اب 18 مئی تک کرائی جاسکتی ہے۔پی ٹی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ 18 مئی کے بعد تمام غیر تصدیق شدہ موبائل بلاک کردیے جائیں گے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر تصدیق شدہ موبائل رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کرونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر کی گئی تاکہ عوام سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں اور وبا سے محفوظ رہ سکیں۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر تصدیق شدہ موبائلز کو بلاک کرنے کا آغاز 19 مئی سے کیا جائے گا جبکہ اُس سے قبل صارف کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ بھی کیا جائے گا۔
پاکستانی قواعد کے مطابق ایسے تمام موبائل جن کو مقامی کنکشن پر استعمال کیا جاتا ہے انہیں ڈیوائس Active کرنے کے بعد 60 روز کی مہلت دی جاتی ہے۔ صارف 60 روز میں اپنے موبائل کو رجسٹرڈ کروالے تو یہ قابلِ استعمال ہوتا ہے اور اگر ایسا نہ ہو تو اسے بلاک کردیا جاتا ہے۔
پی ٹی اے نے موبائل کی رجسٹریشن معلوم کرنے کے لیے ڈی آئی آر بی ایس نامی موبائل ایپ متعارف کرائی جبکہ ویب سائٹ پر بھی سروس موجود ہے اس کے علاوہ جو صارفین انٹرنیٹ استعمال نہیں کرسکتے وہ اپنے موبائل سے #8484* ڈائل کر کے بھی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر پی ٹی اے نے 18 مارچ کو غیر تصدیق شدہ موبائل بلاک کرنے کے عمل کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا تھا۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ موبائل ڈیوائسز کی رجسٹریشن کا وقت 60 روز سے بڑھا کر 90 دن تک کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ برس کے آخر تک موبائل فون کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی جس کے بعد اس کی تاریخ میں 15 جنوری تک توسیع کی گئی تھی بعد ازاں اس کی تاریخ کو 14 فروری تک بڑھایا گیا تھا جبکہ کمپنیز کو 29 مارچ تک کی تاریخ دی گئی تھی۔
گزشتہ برس نومبر میں وفاقی کابینہ نے اسمگل شدہ موبائل فونز کی روک تھام کے لیے نئی پالیسی تشکیل دی تھی ، وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا کہنا تھا بیرون ملک سے ذاتی استعمال کے لیے فون لانے والے افراد ہر سال ایک فون بغیر ڈیوٹی کے لاسکیں گے اور مجموعی طور پر ایک سال میں پانچ فون لانے کی اجازت ہوگی تاہم اگر پاکستان میں قیام 30 دن سے زیادہ کا ہو تو ان چار فونز پر کسٹم ڈیوٹی ادا کرنی ہوگی۔
وزیر مملکت برائے ریونیو کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے اس بات کی منظوری دی ہے کہ نئے اور استعمال شدہ موبائل فون کی درآمد پر پالیسی میں نرمی کی جائے، استعمال شدہ فون کی درآمد پر پابندی اُٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اگر وہ ماڈل پی ٹی اے کے منظور شدہ ہوں اور ان پر کسٹم ڈیوٹی ادا کیے جائیں