Monday, 24 June 2024


جامعہ این ای ڈی کےسینڈیکیٹ اجلاس میں تعلیمی،انتظامی اورمالی اُمورکاتفصیلی جائزہ

کراچی: جامعہ این ای ڈی کےسینڈیکیٹ اجلاس میں تعلیمی، انتظامی اور مالی اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سینڈیکیٹ اجلاس میں پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے فیلو شپ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئےبتایا کہ جناح میرٹ فیلو شپ میں تمام تعلیمی بورڈ سے داخلے کے لیے رجوع کرنے پر میرٹ پر آنے والے 50 سرفہرست طلبا کو 100 فی صد ٹیوشن اور امتحانی فیس میں رعایت دی جائے گی۔ اقبال لیڈر شپ فیلو شپ میں میرٹ پر 51 سے 100 تک رینک لینے والے طلبا کو 70 فی صد فیلو شپ ملے گی، سرسید وژنری فیلو شپ میں میرٹ پر 101 سے 150 رینک تک کے طلبا 50 فی صد، جوہر فیلو شپ کے نام سے جاری اسکالر شپ میں 151 سے 225 تک رینک کے طلبا 30 فی صد، لیاقت علی خان ایکسی لینس فیلو شپ میں 225 سے لے کر 325 رینک کے طلبا 25 فی صد، جناح اکیڈمک فیلو شپ میں 401 سے اوپر رینک کے طلبہ 20 فی صد فیلو شپ لے سکیں گے۔

جامعہ کی ترجمان کے مطابق ان فیلو شپس کا اطلاق آئندہ جولائی میں ہونے والے 2024 تا 2025 داخلوں سے ہوگا۔ جب کہ پہلے سے موجود طالب علموں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے تمام شعبہ جات کے طلبا کو سو فی صد امتحانی اور ٹیوشن فیس میں فیلوشپ دی جائے گی۔بالترتیب دوسری، تیسری پوزیشن کے حامل طلبا کو 70 اور 50 فی صد کا حق حاصل ہوگا۔ جن طلبا کی سی جی پی اے 2 فی صد سے زیادہ ہے انہیں 22 فی صد رعایت دی جائےگی جب کہ 2 فی صد سی جی پی اے سے کم والے طالب علموں کو بھی 15 فی صد فیس میں رعایت دی جائے گی۔

شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کے مطابق ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر جامعہ این ای ڈی کی سینڈیکیٹ نے آئندہ داخلوں پر فیلو شپس کی منظوری دی ہے۔ شیخ الجامعہ کا کہنا تھا کہ این ای ڈی اپنی سو سالہ تاریخ میں پہلی بار فرسٹ ائیر داخلوں کے وقت میرٹ پر فیلو شپس دے رہی ہے تاکہ نامساعد معاشی حالات سے گھبرا کر کوئی طالب علم، تعلیم سے محروم نہ رہ سکے۔

Share this article

Leave a comment