Saturday, 21 September 2024


ڈاکٹر وحیدالرحمٰن کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے،تعزیتی اجتماع

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) ڈاکٹر سید وحید الرحمن سمیت متعدد اساتذہ اور صحافیوں کے قاتلوں کو اب تک گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔ سندھ حکومت جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وحید الرحمٰن کے قتل کی جی آئی ٹی اور اب تک ہونے والی تفتیش سے میڈیا کو آگاہ کرے اور ان کے ورثا ء کے سا تھ مالی امداد کے وعدوں پر بھی عمل درآمد کیا جائے۔ یہ بات کراچی پریس کلب میں جامعہ کراچی کے استاد اور سینئر صحافی سید وحید الرحمٰن ( یاسر رضوی ) کی پہلی برسی پر تعزیتی اجتماع کے دوران مقررین اور وہاں منظور کی گئی قراردادوں میں کہی گئی۔

ڈاکٹر وحیدالرحمٰن کراچی پریس کلب، اورکراچی یونین آف جرنلسٹس کے بھی فعال ممبران میں شامل تھے۔ اس موقع مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اب تک ڈاکٹر وحیدالرحمٰن کے ورثاء کی داد رسی نہیں کی جو قابل مذمت ہے ، پہلے مرحلے میں اساتذہ جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ میں ہونے والے سیمسٹر امتحانات کا بائیکاٹ کریں گے جبکہ ٹیچر زسوسائٹی بھی مطالبات منظور نہ ہونے پر جلد احتجاج پر غور کرے گی ۔

اس موقع پر انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی(عبدالحق کیمپس)، انجمن اساتذہ کراچی یونیورسٹی، کراچی یونین آف جرنلسٹس، کراچی یونین آف جرنلسٹس(دستوری)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کراچی پریس کلب نے مشترکہ طور پر منظور کی جانے والی قرارداد میں مطالبہ کیا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ ڈاکٹر وحید الرحمٰن کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

Share this article

Leave a comment