Wednesday, 09 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: محکمہ موسمیات نےآئندہ 2 روز کے دوران کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ عمان کی جانب بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ دادو اور قمبر شہداد کوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آج بارش ہوسکتی ہے جب کہ ساحلی شہروں میں بونداباندی اور ہلکی بارش کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر حصوں میں آئندہ 3 سے 4 دن موسم خشک رہےگاجب کہ آئندہ 2 روز کے دوران کراچی میں موسم ابر آلود، ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہےکہ کراچی میں درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور سمندی ہوائیں بھی بحال رہے گی۔

کراچی: وزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہو نےغیر ملکی افراد کا سندھ سے تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنےکے معاملے پرنوٹس لےلیا۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی افراد کا سندھ سے تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کےانکشاف پروزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہو نےمعاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری جامعات و بورڈ محمد مرید راہموں کو تحقیقات کا حکم دے دیاہے.

اس حوالے سےوزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہونے سیکریٹری جامعات و بورڈ کوہدایت دی ہے کہ معاملے کی تحقیقات کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ دی جائے ہدایت غیر ملکی افراد کو میرپورخاص بورڈ میں امتحانات میں جس نے بھی بٹھایا ہے انکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ملوث افسران کیخلاف کارروائی کرکے ان کو معطل کیا جائے گا۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی کے فیکلٹی اورطلباءنےہیڈکوارٹرپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کادورہ کیا۔

طلباء کو PMSA کے کردار اور کام کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیق اور تعاون کے مواقعوں کے بارے میں بتایا گیا۔

PMSA نے حال ہی میں ساحل کے 06 مختلف مقامات سے حیاتیاتی تحقیق کے لیے نمونے جمع کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔
پی ایم ایس اے نوجوان نسل میں میری ٹائم آگاہی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

کراچی: علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ میں تھیلیسیمیا کےمریضوں کےلیےعطیہ خون کےکیمپ کا افتتاح کردیا گیا۔

سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پیشنٹ ویلفئیر ایسوسی ایشن کے تعاون سے خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جس کا افتتاح علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئر انجینئر ارشد خان نے انجینئر فیروز ظہیر( ایگزیکٹیو میمبر اموبا ، پاکستان) اور شجر علی ہاشمی (اعزازی جوائنٹ سیکریٹری اکیڈمک اموبا ، پاکستان)کے ہمراہ کیا ۔

اس موقع پر تھیلیسیمیا کے مرض کی آگاہی کے ضمن میں ایک سیمینارکا انعقاد بھی کیا گیاجس میں طلباء و اساتذہ کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔بعد ازاں طلبا اور اساتذہ ودیگر اسٹاف ممبرزکی بڑی تعداد نے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لئے خون کے عطیات دیے ۔

اس موقع پر انجینئر ارشد خان نے تھیلیسیمیا کے مرض کی روک تھام کے حوالے سے ایک کامیاب پروگرام کے انعقاد پر طلباء،انتظامیہ، محترمہ مہرین عمر، فضل الکریم اور شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر ولیج حیدر کی کاوشوں کو سراہا ۔

گال: پاکستان کےفاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی سری لنکاکےخلاف ٹیسٹ میچ کےدوران فٹنس مسائل کاشکار ہوگئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گال ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کو فٹنس مسائل درپیش ہیں۔

ترجمان قومی ٹیم کے مطابق گزشتہ روز فیلڈنگ کے دوران شاہین آفریدی کی ٹانگ میں کھنچاؤ ہوا تھا جس کے بعد کرکٹر کو ابتدائی طور پر آئس ٹریٹمنٹ دی گئی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ شاہین کی ٹانگ میں درد کم نہ ہوا تو ایم آر آئی کروایا گیا جس کے بعد ان کی رپورٹس کا انتظار ہے۔

ترجمان کے مطابق شاہین آفریدی گھٹنے سے نیچے تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔

کیلیفورنیا: سوشل میڈیا ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ نے بالآخراپناویب ورژن جاری کردیا ہے۔

ویب ورژن پربرطانیہ، امریکااور کینیڈا کے اسنیپ چیٹ+ سبسکرائبر اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈسے تعلق رکھنے والے ریگولر صارفین ایک دوسرے کو میسج اور کال کرسکیں گے۔

اسنیپ چیٹ نے حال ہی میں اسنیپ چیٹ+ پریمیئم ٹیئر اضافی لیکن مصنوعی فیچرز کے ساتھ جاری کیا تھا۔

ان فیچرز میں ایپ کے نشان کے اسٹائل میں تبدیلی، یہ دیکھنا کہ کس نے اسٹوری دوبارہ دیکھی اور اپنے کسی دوست کو ’بی ایف ایف‘ بنانا اور ان کو اپنی چیٹ ہسٹری میں سب سے اوپر پِن کرنا شامل تھا۔

ویب کے لیے اسنیپ چیٹ میں ری ایکشن، رپلائی جیسے فیچرز شامل ہیں اور جلد ہی ویڈیو کالز کے لیے لینسز بھی شامل کردیے جائیں گے۔

ایپ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تمام پروڈکٹس کی طرح ہماری ٹیم نے ویب کے لیے اسنیپ چیٹ پرائیویسی مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی ہے۔ ہم نے یہ ایک منفرد پرائیویسی اسکرین کے ساتھ لانچ کیا ہے جو کچھ اور کام کرنے پر اسنیپ چیٹ کی وِنڈو کو چُھپا دے گی۔

کراچی: قیادت کا بوجھ بھی بابراعظم کی بیٹنگ پر اثرانداز نہ ہوسکا جب کہ انضمام الحق کا بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔

بابراعظم کو 2019 میں پاکستان کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، قیادت کا بوجھ پڑنے کے باوجود ان کی بیٹنگ متاثر نہیں ہوئی،وہ بطور کپتان مشکل سے مشکل صورتحال میں بھی بڑی اننگز کھیل کر صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں۔

سری لنکا سے جاری پہلے ٹیسٹ میں بھی انتہائی دشوار ترین صورتحال میں بابراعظم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی، یہ کپتان بننے کے بعد ان کی نویں تھری فیگر اننگز ہے، اس طرح انھوں نے سابق کپتان انضمام الحق کا بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریوں کا ملکی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بابراعظم نے کپتان بننے کے بعد 70 ویں اننگز میں 9 ویں سنچری اسکور کی ، انضمام الحق نے اتنی سنچریاں 131 اننگز میں بنائی تھیں۔

پاکستان کی جانب سے بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں ویسے بھی بابراعظم کم اننگز کی وجہ سے سرفہرست ہوچکے ہیں، دوسرے نمبر پر 9 سنچریوں کے ساتھ انضمام موجود ہیں، مصباح الحق نے اپنے دور قیادت میں 189 اننگز کے دوران 8 سنچریاں بنائی تھیں، عمران خان نے 186 اننگز میں 6 سنچریاں بنائیں جبکہ اظہر علی نے 40 اننگز میں 5 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

 

لاہور: 17سال بعدانگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان کےسلسلےمیں ای سی بی کا4رکنی سیکیورٹی وفدپاکستان پہنچ گیا۔

ای سی بی کا 4رکنی سیکیورٹی وفد میں پلیئرز ایسوسی ایشن، سیکیورٹی اور کرکٹ آپریشنز کے ممبران شامل ہیں، گذشتہ روز اسلام آباد آمد پر پی سی بی حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا، آفیشلز نے پہلے مرحلے میں پنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیااور میزبان حکام سے سیکیورٹی امور پر بریفنگ لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے وزارتِ داخلہ میں بھی اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کی،مہمانوں کوکراچی، لاہوراور ملتان میں سیکیورٹی سمیت انتظامات کا جائزہ لینا ہے، وفد اپنی رپورٹ ای سی بی کے پاس جمع کرائے گا جس کی روشنی میں ٹیم بھجوانے اور شیڈول کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

انگلش ٹیم رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل7 ٹی ٹوئنٹی میچز اور بعد ازاں 3 ٹیسٹ میچز کیلیے پاکستان آئے گی، مختصر ترین فارمیٹ کے مقابلے صرف 2 وینیوز کراچی اور لاہور میں کرانے کا عندیہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق انگلش ٹیم کی پاکستان آمد 15 ستمبر کو ہوگی، ٹی ٹوئنٹی میچز 20، 22، 23 اور 25 تاریخ کو کراچی جبکہ 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول کیے جانے کا امکان ہے،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلیے دوبارہ پاکستان آئے گی۔

یاد رہے کہ مہمان سائیڈ 2005کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

کراچی: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ماہر تعلیم پروفیسرڈاکٹرشگفتہ شہزادی کوجامعہ کراچی کی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن مقررکردیاہے۔

سندھ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی کی تقرری 8 اگست 2022 سے 24 دسمبر 2024 تک کی گئی ہے۔

بیرون ملک سے تعلیم یافتہ پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی، شعبہ اسپیشل ایجوکیشن، جامعہ کراچی کی چیئرپرسن ہیں اور وہ اس سے قبل بھی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن کے عہدے پر خدمات انجام دے چکی ہیں، انہیں تعلیم اور خواندگی کے شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔

وہ خصوصی تعلیم اور خصوصی بچوں کی بہتر نگہداشت پر کئی کتابیں بھی تحریر کر چکی ہیں۔

مانیٹرنگ ڈیسک : مائیکرو سافٹ نے ونڈوزکےنئےورژن متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی۔

صارفین کو مائیکرو سافٹ کا نیا ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم دستیاب نہیں مگر کمپنی نے اس کے نئے ورژن کو متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔

ونڈوز سینٹرل کی ایک رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 12 کو 2024 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے نئے آپریٹنگ سسٹم کو ہر 3 سال بعد متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔

یہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کی تیاری کے حوالے سے بڑی تبدیلی ہے۔

مائیکرو سافٹ نے 2015 میں ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرایا تھا تو اس سے قبل ہر 3 سال میں ایک بار نئے آپریٹنگ سسٹم کو پیش کیا جاتا تھا۔

ونڈوز 10 کو ہر سال 2 بار بڑے فیچرز سے اپ ڈیٹ کیا جاتا تھا اور اس وقت کمپنی کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ونڈوز 10 کے بعد کوئی نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف نہیں کرایا جائے گا۔

مگر 2021 میں مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 کو متعارف کرایا اور ونڈوز 12 کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔

مائیکرو سافٹ نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا اور فی الحال ونڈوز 11 کو ہر صارف تک پہنچانے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔