Sunday, 06 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: قومی کرکٹ بورڈ جونیئر سلیکشن کمیٹی کےچیئرمین سہیل تنویر نےانڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
15 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کی قیادت سعد بیگ کریں گے

انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کا آغاز19 جنوری سےسائوتھ افریقامیں ہوگاجو 11فروری تک جاری رہے گا۔15رکنی اسکواڈ میںعلی اسفند، علی رضا، احمد حسن، امیر حسن،عرفات منہاس، اذان اویسکو شامل کیا گیا ہے
جبکہ ہارون ارشد، خبیب خلیل، محمد ذیشان نوید احمد، شاہ زیب خان، شمائل حسین ،محمد ریاض اللہ اورعبید شاہ ٹیم کا حصہ ہونگے۔

سعد بیگ کپتانی کے ساتھوکٹ کیپرکے فرائض بھی انجام دیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین جونیئر سلیکشن کمیٹی سہیل تنویر نے کہا کہ میں جنوبی افریقہ کے لیے اسکواڈ میں جگہ بنانے والے 15 کھلاڑیوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ اس متوازن ٹیم میں ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت اور صلاحیت موجود ہے

اسکواڈ میں شامل کھلاڑی 28 دسمبر 2023 سے پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے جو 6 جنوری 2024 تک لاہور میں ہوگا۔

 

کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علومجامعہ کراچی میں پروفیسر فرزانہ شاہین کی صدارت میں فیکلٹی کے اجلاس میں اہم فیصلےکئے گئے۔

اجلاس میں کہا گیاہے کہ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)،جامعہ کراچی، اپنے طلبہ و طالبات اور تدریسی و غیر تدریسی اسٹاف کے لیے ایک کیفے ٹیریا تعمیر کرے گا تاکہ ریسرچ اسکالر سمیت ادارے سے جڑے ہوئے تمام افراد کا نہ صرف قیمتی وقت بچایا جاسکے بلکہ اُنھیں طعام کی اچھی سہولت فراہم کی جاسکے، ادارے کے تمام افرادکے لیے قوانین کی پاسداری لازمی ہے، تمام فیکلٹی ممبرز طالبِ علموں کے ایم فل اور پی ایچ ڈی اسٹڈیز کی وقت پر تکمیل کے لے مشترکہ کوشش کریں گے، طالبِ علم ہمارا مستقبل ہیں اُن سے بڑھ کر کوئی نہیں۔

اس اجلاس میں فیکلٹی نے بھرپور تعداد میں شرکت کی جس کا مقصدبہتر حکمت عملی ترتیب دینے، انتظام کی مناسب نگرانی اور ادارے کے بہترین مفاد کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اُٹھانا تھا۔

اجلاس میں یہ طے ہوا کہ طالب علموں کوبہتر رہاشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی بین الاقوامی مرکز میں موجود ہاسٹل کی سہولت کو مزید بہتر بنایا جائے گااور طالبِ علموں کے ایم فل اور پی ایچ ڈی اسٹڈیز کی وقت پر تکمیل سے متعلق تمام دیرینہ تعلیمی، انتظامی اور مالی مسائل حل کیے جائیں گے۔

اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے کہا کہ کوئی چیز طالب علموں سے زیادہ اہمیت کی حامل نہیں ہے کیونکہ طالب ِ علم ہمارا اثاثہ ہیں۔ انھوں نے کہا طالبِ علموں کے ایم فل اور پی ایچ ڈی اسٹڈیز کی وقت پر تکمیل کو یقینی بنانا ہمارا اولین مقصد ہے تاکہ اسکالر ز کا قیمتی وقت بچایا جاسکے، انھوں نے کہا ادارے کے تمام افراد بشمول فیکلٹی، اسٹاف اور طالب علموں کے لیے ضروری ہے کہ وہ لازمی طورپر ادارے کے قوائد و ضوابط کی پاسداری کریں۔ اجلاس میں فیکلٹی ممبران نے ادارے سے متعلق دیگر تعلیمی اور انتظامی مسائل پربھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے الحاق شدہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس گروپس،خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن و میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات برائے 2024 ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل امیدواروں کیلئے انرولمنٹ فارم جمع کروانے کی تاریخوں میں بروز پیر 8 جنوری 2024ءتک توسیع کا اعلان کردیا ہے۔

انٹربورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکشن کے مطابق گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء اپنے انرولمنٹ فارم8جنوری 2024ء تک تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ کالجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ فارم بروز منگل 9تا 11جنوری 2024ء تک انٹربورڈ کے متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد جمع کروادیں۔

یاد رہے کہ رواں سال محترم وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائرسیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی انرولمنٹ فیس معاف کردی گئی ہے، لہٰذا گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے انرولمنٹ فارمز اپنے کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔

نئی دہلی: بھارت کی مودی سرکار نے مسلمان دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد مدارس کو اسکولوں میں تبدیل کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست آسام میں ایک ہزار 281 مدارس کو ” ماڈل انگلش اسکولز” میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ بی جے پی کی انتہا پسند حکومت کا کہنا ہے کہ سرکاری پیسے سے مذہبی تعلیم نہیں دی جاسکتی۔

آسام کے ڈائریکٹر آف ایلیمنٹری ایجوکیشن کے دفتر سے جاری حکم نامہ میں تمام سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ مدارس پر پابندی لگا دی گئی ہے اور اور مڈل اسکول مدارس کو فوری طور پر عام اسکولوں میں تبدیل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

آسام میں 1934 میں مدرسوں کی تعلیم کو ریاستی تعلیمی نصاب میں شامل کیا گیا تھا اور اسی سال مدرسہ بورڈ بھی تشکیل دیا گیا تھا ہم متعصب ریاستی حکومت نے 12 فروری 2021 کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے مدرسہ بورڈ تحلیل کردیا تھا۔

ممبئی: بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی اگلی فلم سے متعلق اہم اعلان کردیا۔

اداکارہ شاہ رخ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال مارچ یا اپریل میں کروں گا۔ نئی فلم میں ایسا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں جو میری عمر کے مطابق ہو۔

شاہ رخ خان کا مزید کہنا تھا کہ عمر کے حوالے سے جو کردار ادا کروں گا وہی فلم کا مرکزی کردار بھی ہوگا۔

سال 2023 میں شاہ رخ خان کی دو فلموں ” پٹھان” اور ” جوان” نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ان کی گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والی تیسری فلم ” ڈنکی” باکس آفس پر ملی جلی کارکردگی دکھا سکی۔

کراچی: کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ آف ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے2023 کی ڈیٹ شیٹ جاری کردی۔

 

جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق سائنس،ہوم اکنامکس، کامرس ریگولرو پرائیوٹ، ہومینٹیز ریگولر وپرائیوٹ ، خصوصی طلبا و طالبات کے ضمنی امتحانات 15جنوری سے شروع ہونگےجو 6 فروری تک جاری رہیں گے۔

دوپہر کی شفٹ میں ہونے والے امتحانات دوپہر2 بجے سے شام پانچ بجے تک ہونگے جبکہ جمعۃ المبارک کے روز سہ پہر 3 بجے سے 5بجے تک ہونگے۔

 

کان پور: پرینک ویڈیو بنانے کی کوشش کرنے والا پانچویں جماعت کا طالب علم جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہمیر پور شہر کا رہائشی 11 سالہ نکھل راجو سوشل میڈیا پر پرینک ویڈیوز اور ریلزدیکھنے کا شوقین تھا۔ نکھل نے سوشل میڈیا پر پھانسی لگانے کی ویڈیو دیکھی اور خود بھی ایسی ہی ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران رسی کے پھندے میں لٹک کر ہلاک ہوگیا۔

نکھل کے والد کا کہنا ہے کہ اسے کمرے میں بیہوش دیکھ کر اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 11 سالہ طلب علم کے موبائل فون سے پھانسی لگانے جیسی اور ویڈیوز بھی ملی ہیں۔

دورہ آسٹریلیا میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم کاایک اور کھلاڑی اسکواڈ سے باہر ہوگیا۔

لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی فٹنس مسائل کے باعث سیریز میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

میلبورن میں نعمان علی کا اپینڈکس کا آپریشن ہوا ہے جس کی وجہ سے نعمان علی سیریز کے بقیہ دونوں میچز میں سلیکشن کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔

نعمان علی آج شام تک ہسپتال سے ڈسچارج ہوں گے ۔ نعمان علی کا متبادل بھجوانے یا نہ بھجوانے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد کرے گی۔

واضح رہےاس سے پہلےخرم شہزاد اور ابرار احمدبھی ان فٹ ہوچکے ہیں ۔

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے نومبر 2022ء کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ 2 سال کے لیے کارآمد (Valid) قرار دے دیا ہے۔

میڈیکل داخلہ ٹیسٹ کے نتائج کے حوالے سےجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جاری فیصلے میں کہا ہے کہ نومبر 2022ء کا ایم ڈی کیٹ نومبر 2024ء تک کارآمد ہوگا۔

عدالت نےفیصلے میں کہا کہ پٹیشنر لائبہ رؤف نے نومبر 2022ء میں ایم ڈی کیٹ پاس کیا، جب ایم ڈی کیٹ پٹیشنر نے پاس کیا تو اس وقت قانون کے مطابق رزلٹ 2 سال کے لیے کارآمد تھا۔ پٹیشنر نے پی ایم ڈی سی کے 14 جولائی 2023ء کے پبلک نوٹس کو چیلنج کیا ۔

ہائی کورٹ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی نے نوٹس میں کہا تھا 2022ء کے پاس کردہ ایم ڈی کیٹ پر 2023ء میں داخلہ نہیں ملے گا ۔ 2021ء کی ریگولیشنز کے مطابق نومبر 2022ء کے ایم ڈی کیٹ نتائج 2 سال کے لیے موزوں ہیں ۔ بعد میں کیے جانے والے ایڈمنسٹریٹو فیصلے سے پٹیشنر سے یہ حق واپس نہیں لیا جا سکتا ۔

عدالت نے قرار دیا کہ پٹیشنر کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ نومبر 2022ء سے نومبر 2024ء تک موزوں ہو گا ۔ عدالت نے حکم دیا کہ پٹیشنر کا کیس میں جو خرچ آیا وہ بھی پی ایم ڈی سی ادا کرے گی۔

کراچی : آج رواں سال کا سب سے چھوٹا دن اور طویل ترین رات ہوگی۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہےکہ آج رواں سال کا سب سے چھوٹا دن ہونے کے ساتھ آج کی رات رواں سال کی طویل ترین رات ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج طلوع آفتاب صبح 7 بج کر 12 منٹ پر ہوا اور آج غروب آفتاب شام 5 بج کر 48 منٹ پر ہوگا، آج دن کا دورانیہ 10گھنٹے سے زائد پر مبنی ہوگا جب کہ آج رات کا دورانیہ 14 گھنٹے ہوگا۔جبکہ ۲۲ دسمبر سے دن بڑا ہونا شروع ہوجائے گا۔

Page 50 of 2383