Monday, 07 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اسٹیئرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں سالانہ امتحانات 2023ء میں ہونے والے نہم و دہم جماعت جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانی پرچہ جات کے نئے سوالیہ ماڈل پیپرز جاری کر دیئے ہیں۔

چیئرمین میٹرک بورڈ اور انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کے سربراہ پروفیسر سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بورڈ کی ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے گزشتہ دنوں چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا جس میں سینئر اور قابل اساتذہ کرام نے بھرپور شرکت کی اور ماڈل پیپرز تیار کئے۔

ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ کے مطابق 2023ء کے سالانہ امتحانات کیلئے پرچے کاپہلا حصہ کثیر الانتخابی سوالات (MCQs) 20 فیصد، دوسرا حصہ مختصر جواب کے سوالات کا 40 فیصد جبکہ تیسرا حصہ بیانیہ جواب کے سوالات کا 40 فیصد پر مشتمل ہو گاانہوں نے کہا کہ امتحانی پرچہ جات پورے نصاب پر محیط ہوں گے۔

چیئرمین بور ڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ پورے سندھ میں سب سے پہلے سائنس کی طرح جنرل گروپ کے ماڈل پیپرز میٹرک بورڈ نے ہی جاری کئے ہیں انہوں نے سینئر اساتذہ کرام اور خاص طور پر ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر، ریسرچ ایسوسی ایٹ ایم اے جعفری اور ان کے عملے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ریسرچ سیکشن آئندہ بھی ایسے ورکشاپ منعقد کرائے

انہوں نے کہا کہ ہمارے بورڈ کا ریسرچ سیکشن اکیڈمک کے حوالے سے بہت فعال ہے اور معیاری کام کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے۔ ماڈل پیپرز بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk  پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔

ویب ڈیسک: واٹس ایپ نے صارفین کے لئے چیٹ جی پی ٹی جیسی آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ اضافے کااعلان کردیا۔

اس حوالے سے میٹا کے مالک مارک زکربرگ نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے تخلیقی آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو سروسز کا حصہ بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا پراڈکٹ گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے واٹس ایپ اور میسنجر کے لیے ٹیکسٹ پر مبنی اے آئی ٹولز کی آزمائش سے آغاز ہوگا جو کہ ممکنہ طور پر چیٹ جی پی ٹی کی طرح کے چیٹ بوٹس ہوں گے۔

آغاز میں یہ بوٹس صارفین کے لیے تفریح کا ذریعہ ہوں گے مگر میٹا کی جانب سے بتدریج انہیں دیگر شعبوں کا حصہ بنایا جائے گا۔

میٹا کی جانب سے انسٹا گرام میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی فلٹرز اور اشتہاری فارمیٹس کے تجربات بھی کیے جا رہے ہیں۔
اس طرح کے اے آئی ٹول کافی عرصے سے موجود ہیں مگر اس ٹیکنالوجی کو چیٹ جی پی ٹی کی بدولت بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو بنگ سرچ انجن اور ایج براؤزر کا حصہ بنایا گیا ہے۔اسی طرح گوگل کی جانب سے بارڈ نامی چیٹ بوٹ کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

میٹا کی جانب سے اس طرح کا اعلان حیران کن نہیں کیونکہ یہ کمپنی عرصے سے اے آئی ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے جبکہ مارک زکربرگ کا میٹا ورس کا منصوبہ بھی بہت زیادہ کامیاب ہوتا نظر نہیں آرہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں فرنچائزز کی تعداد 10 تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

سربراہ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کیلئے دباؤ ہے لیکن بدقسمتی سے سابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور رمیز راجا نے فرنچائزز کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا کہ اگلے دو سالوں میں صرف چھ ٹیمیں کھیلیں گی تاہم یہ آٹھ ٹیموں کا منصوبہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ فرنچائزز کو 2 مزید ٹیموں کو شامل کرنے کیلئے راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں اس فیصلے سے کسی فرنچائز کو نقصان نہیں ہوگا اور اگر ہوا تو بورڈ ذمہ داری قبول کرے گا، لیگ کی مانگ زیادہ ہے اور 10 ٹیمیں بھی ہوتیں تو وہ بھی فروخت ہوجاتیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل میں دراصل 5 ٹیمیں تھی تاہم ملتان سلطانز کو چھٹی ٹیم کے طور پر شامل کیا گیا۔

دوسری جانب سربراہ منجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پی سی بی کے درمیان اخراجات کے معاملے پر شیئرنگ کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے تاہم تمام معاملے پر فرنچائز اور بورڈ کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 2023 کے ’’دی ہنڈریڈ ڈرافٹ‘‘ میں شامل ہوگئے۔

دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کی ڈرافٹننگ 23 مارچ کو منعقد ہونی جبکہ ایونٹ اگست میں شروع ہوگا، تینوں پاکستانی ٹاپ اسٹارز کی بولی کم از کم ایک لاکھ یورو یعنی (2 کروڑ 76 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) میں لگنے کا امکان ہے۔

اسی طرح تیز گیند باز حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد عامر بھی 60,000 پاؤنڈ یعنی (22 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) کی ریزرو قیمت پر ڈرافٹنگ میں شامل ہوں گے۔

دی ہنڈریڈ 2023 ڈرافٹ میں پاکستانی کھلاڑی:
محمد رضوان، بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، حسن علی، فہیم اشرف، محمد حفیظ، محمد عامر، فخر زمان، عماد وسیم، محمد اخلاق، ابرار احمد، سرفراز احمد، عمر اکمل، آصف علی، حیدر علی، نعمان علی، سلمان علی، عمید آصف، صائم ایوب، دانش عزیز، عماد بٹ، شاہنواز دھانی، سمین گل، محمد حارث، محمد حسنین، محمد عرفان، اعظم خان، عاکف جاوید، سلمان ارشاد، احمد دانیال، وقاص مقصود، عامر جمال ،حسیب للہ خان، مبصر خان، شرجیل خان، ساجد خان، عمر خان، زمان خان، صہیب مقصود،شان مسعود، اسامہ میر، محمد نواز، عثمان قادر، رومان رئیس، وہاب ریاض، عبداللہ شفیق، خوشدل شاہ، یاسر شاہ ، سعود شکیل، حارث سہیل، طلعت حسین، امام الحق، احسان اللہ، عبدالواحد اور عامر یامین شامل ہیں۔

جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک، مارکس اسٹونیس، ایڈم زمپا، کیرون پولارڈ اور شکیب الحسن شامل ہیں جنہیں 1 لاکھ 25 ہزار یورو یعنی (3 کروڑ 47 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) میں ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا جائے گا۔

اسلام آباد: حکومت نے آئندہ پندرہ روز کیلیے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے کمی کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی قیمت برقرار رہے گی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 15 روپے کمی کی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ پر اسحاق ڈار نے بتایا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے کمی کی گئی ہے۔

حالیہ کمی کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 267 روپے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 184 روپے 68 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 15 روپے کمی سے 187 روپے 73 پیسے پر پہنچ جائے گی۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت 280 روپے پر برقرار ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے آئندہ پندرہ روز کیلیے ہوگا۔

کراچی: ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سید طارق رفیع نے کہاہےکہ اداروں کو خود مختاری دےکر ہی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، اداروں میں بیرونی مداخلت نہیں ہونا چاہیے، ایس ایم سی کو کالج سے جامعہ کا درجہ دلانے میں المنائی کیساتھ ساتھ پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کردار واضح رہا ہے، میں انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے اپنا وعدہ وفا کیا۔

سندھ میڈیکل کالج کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں ڈاکٹر تقی اعظم کے نام سے مختص دوسرے روز پینل ڈسکشن بعنوان ’’ایس ایم سی کے گریجویٹس کا کمیونٹی میں کردار‘‘ میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میڈیکل کالج کو قیام سے لیکر اب تک کچھ بھی بآسانی حاصل نہیں ہوا، اس کالج نےسندھ کی نمبر ون میڈیکل یونیورسٹی بننے کا سفر شب و روز محنت کرکے طےکیا ہے، میں ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس جامعہ کو عظیم بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے خطاب میں جےایس ایم یو کے بانی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہماری جامعہ کے سابق سربراہان اور المنائی اپنے اپنے شعبے کے چمکتے ستارے ہیں،میں آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، آپ لوگوں کا یہاں آنا ہمارے لئے باعث مسرت ہے، JSMUAANAبہترین کام کر رہی ہے، طلبہ کو اسکلز پر توجہ دینا چاہیے، انہوں نے بتایا کہ جامعہ اس سال سے ڈینٹل ہیلتھ سائنسز میںاپنے پہلےپی ایچ ڈی بیچ کی تعلیم کا آغاز کر رہی ہے، پہلے بیچ کے 12کامیاب امیدواروں کا انتخاب کرلیاگیاہے۔

بعد ازاں ایس ایم سی المنس ڈاکٹر شاہد اقبال دانش کی نظامت میں پینل ڈسکشن کا انعقاد کیاگیا جس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر پروفیسر نوشاد احمد شیخ،کرنل ڈاکٹر خالد رفیع ، سابق آئی جی مشتاق مہر، سی ای او پاکستان اسٹیل ملز ڈاکٹر سیف الدین جونیجو، ڈائریکٹر انڈس اسپتال ڈاکٹر یحیٰ چاولہ، ڈاکٹر شاہد سمیع، ڈاکٹر سید محفوظ عالم، ڈاکٹر ذکی ، ڈاکٹر قیصر سجاد، ڈاکٹر جاوید مشتاق، ڈاکٹر جبار خٹک،ڈاکٹر نگہت، ڈاکٹر شفقت عباسی نے شرکت کی ۔

اس موقع پرپینل کے تمام معزز شرکاء نے ایس ایم سی سے وابستہ اپنی اپنی روداد سنائی اور اپنے اپنے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کرنے میں ایس ایم سی کے کردار و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پینل ڈسکشن کے موقع پر جامعہ کی فیکلٹی اور طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے پینل کےشرکاء سے مختلف سوالات بھی کئے جس کےبعد رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے خوب صورت اشعار کے ساتھ تقریب کا اختتام کیا۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کی این ای ڈی اکیڈمی اور یونائیٹڈ نیشن انڈسٹریل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(UNIDO) کے تحت "کلسٹر ڈیولپمنٹ ایجنٹ ٹریننگ" کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا.

جس میں سندھ بھر کے 5 اضلاع سمیت کراچی سے 23افسران کو تربیت دی گئی تھی. اس پروگرام میں اقوام متحدہ کے بین الاقوامی ٹرینرز پیٹر انتھونی اور ابراہیم ویڈت سمیت معروف ماہر معاشیات قیصر بنگالی نے افسران کو تربیت دی.

جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق UNIDO کے پروجیکٹ Poverty Alleviation and inclusive development across rural sindh programme (PAIDAR)، این ای ڈی اکیڈمی، بزنس انکیوبیشن سینٹر اوریک کے زیرِاہتمام چھے ہفتوں پر مشتمل ٹریننگ میں ٹھٹھہ، سجاول، بدین، لاڑکانہ، تھر پارکر اور کراچی سے افسران شریک ہوئے۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے معین الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھاکہ اس پروگرام کے تحت بزنس مائنڈ تیار کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ بے روزگاری کا مقابلہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف تربیتی پروگرام نہیں بلکہ انفرادی شخصیت کو انٹرپرنیور میں ڈھالنے کا نظام ہے.

پروگرام کوآرڈینیٹر (UNIDO) بدرالااسلام، ڈائریکٹر جنرل این ای ڈی اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر بلال زاہد اور ڈی جی یو پی ایس خیر محمد کلوڑ کا کہنا تھا کہ عصرِحاضر انٹرپرنورشپ کا دور ہے. دور کے تقاضوں کے مدِنظر رکھتے ہوئے اس تربیت سے معاشی بہتری کے راستے کھولے جاسکیں گے۔ اختتامی تقریب میں ڈیولپمنٹ رولر ایڈوائزر اینڈ نیوٹریشن کلیرو ڈی روزا نے بھی شرکت کی اور تربیت مکمل کرنے والے افسران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

کراچی : حکومت سندھ نے یکم مارچ سے کراچی کے مزید دو نئے روٹس پر پیپلز پنک بس سروس چلانے کا اعلان کردیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پیپلز بس سروس سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شرجیل میمن کاکہنا تھاکہ کراچی میں پیپلز بس سروس کے مزید نئے روٹس پر سروے مکمل کیا جائے۔ جبکہ ہاکس بے روڈ تک بھی پیپلز بس سروس چلانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اسی طرح چاہتے ہیں کہ پیپلز الیکٹرک بس سروس کے مزید نئے روٹس کا بھی جلد از جلد آغاز کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ماڈل کالونی سے ٹاور پنک بس سروس روٹ -1 پر بسوں میں اضافہ ہوگا جبکہ پاور چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل روٹ -2 اور نمائش چورنگی سے کلاک ٹاور سی ویو روٹ- 10 پر پنک بس سروس کے نئے روٹس کا آغاز کل یکم مارچ سے کردیا جائے گا۔

پنک بس سروس روٹ 2 ، پاور چورنگی نارتھ کراچی سے انڈس ہاسپٹل کورنگی براستہ ناگن چورنگی، شفیق موڑ، گلشن چورنگی، جوہر موڑ، سی او ڈی، ڈرگ روڈ، شارع فیصل، شاہ فیصل کالونی، سنگر چورنگی، کورنگی نمبر 5 تک چلائی جائے گی۔
روٹ نمبر 10 پر نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، زیب النساء اسٹریٹ میٹرو پول، تین تلوار، دو تلوار، عبداللہ شاہ غازی، ڈولمن مال، میکڈونلڈ اور کلاک ٹاور سی ویو تک پنک بس خواتین کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرے گی۔

جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ، پی ڈی این آر ٹی سی صہیب شفیق، آپریشن منیجر عبدالشکور و دیگر شریک تھے۔

کوہاٹ: کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کےتحت 13ویں کانووکیشن منعقد کی گئی۔

کانووکیشن میں گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

گورنرخیبرپختونخوا کے دفتر پریس سیکرٹری کے مطابق گورنر نےکانووکیشن میں نمایاں تعلیمی پوزیشن حاصل کرنیوالے 75 طلباء وطالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے، 248 طلباءوطالبات میں ماسٹر اور بیچلر، ایم فل، پی ایچ ڈی ڈگریاں تقسیم کیں۔

گورنر نے کانووکیشن میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالی طالبہ کی خواہش پر اسکے ضعیف والد کو اسٹیج سے نیچے اتر کر انکی بیٹی کی ڈگری حوالے کی۔

کانووکیشن میں وائس چانسلر کوہاٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی رپورٹ بھی گورنر کو پیش کی۔

گورنر نے مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنیوالے طلباء و طالبات، والدین اور یونیورسٹی فیکلٹی و انتظامیہ کو مبارکباد دی۔

کانووکیشن میں نگران صوبائی وزیر حامد شاہ، نگران وزیر اعلٰی کے مشیر رحمت سلام خٹک، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی کوہاٹ، کوہاٹ چیمبر کے صدر عبدالرشید خان، طلباء و طالبات اور والدین شریک تھے۔

کراچی: ایکسٹریم کامرس کالج (ECC) نےطلبا کی شاندار کامیابی کا جشن منانے کے لئے ہائی اچیورز کی تقریب منعقد کی۔

تقریب میں بطور مہمان خصوصی ، ڈپٹی برطانوی ہائی کمشنر ہز ایکسی لینسی مارٹن ڈاسن شریک تھے۔

تقریب میں لرننگ ریسورس نیٹ ورک (LRN) اور ایکسٹریم کامرس کالج (ECC) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے ، جس کا مقصد ان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا اور پاکستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو جاری رکھنا ہے۔

تقریب میں کیف غزنوی، طارق شاہ، عمران خلیق، علی رضا، ذیشان صدیقی، اور سہیل موسانی سمیت کئی قابل ذکر مہمانوں کی موجودگی کی وجہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ہائی اچیورز کی تقریب کے بعد ای سی سی کے طلباء کی طرف سے ایک دلکش میوزک پرفارمنس پیش کی گئی جس سے تمام مہمانوں اور حاضرین نے لطف اٹھایا۔

ایکسٹریم کامرس کالج کی انتظامیہ نے تقریب کو کامیاب بنانے پر تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے LRN جیسی شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی فضیلت کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

Page 79 of 2384