Saturday, 02 November 2024

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اوردنیا بھر میں فٹنس کے لیے مقبول شعیب ملک نے اب تک ریٹائر نہ ہونے کی وجہ بتا دی۔

حال ہی میں بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں رنگپور رائیڈرز کی طرف سے کھیلنے والے پاکستانی آل راؤنڈر نے کہا کہ ’میرا یقین کریں حالانکہ میں ٹیم میں عمر میں سب سے بڑا ہوں، آپ میری فٹنس کا 25 سالہ کھلاڑی سے موازنہ کر سکتے ہیں‘۔

بی پی ایل کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں کرکٹ کھیلتا رہوں گا اور اسی لیے میں ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ بھی نہیں رہا‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اپنی 41 ویں سالگرہ منانے والے شعیب ملک نے ٹیسٹ ڈیبیو 2001 میں بنگلادیش کے خلاف کیا تھا۔

اس کے علاوہ ون ڈے ڈیبیو 1999 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اور ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو 2006 میں کیا تھا۔شعیب ملک نے پاکستان ٹیم میں آخری ٹیسٹ میچ 2015 جب کہ آخری ون ڈے 2019 اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 2021میں کھیلا تھا۔

کراچی: صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ سے زوم پاکستان کی کنٹری ڈاریکٹر حانا صدیقی اور ڈی ٹیک کے سی ای او عدیل دایو نے ان کے آفیس میں ملاقات کی۔

زوم پاکستان کی کنٹری ڈاریکٹر حانا صدیقی نے صوبائی وزیر تعلیم کو بتایا کہ زوم پاکستان نے آن لائن کلاسز کے لیے زوم پاکستان کی طرف سے 21680 مفت لائسنس جاری کردیے ہیں۔ جس کو ورچوئل تعلیم خاص طور پر فنی تعلیم، کانفرنس اور میٹنگ کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا انہوں نے کہا کہ مفت لائسنس کے اجراء کے لیے ڈی ٹیک کا تعاون حاصل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زوم کے صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ زیادہ سے زیادہ پیشہ ور افراد جو گھر سے کام کرتے ہیں یا ایسے طالب علم جو آئین لائین تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں زوم انہیں یہ سہولت مفت مہیا کرے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا محکمہ تعلیم سندھ تعلیم کی ترقی کے لئے روایتی طریقوں کے ساتھ ڈسٹینس لرننگ یا آن لائین ایجوکیشن کے سلسلے میں مختلف منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے۔

ہم ایسے آن لائین پلیٹ فارمز مہیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں سے طالب علموں کو آن لائن لیکچرز اور سلیبس حاصل کرنے میں آسانی سے مل سکے۔ کرونا وبا کے دوران آئین لرننگ کا رجھان پیدا ہوا محکمہ تعلیم نے زوم اور دیگر آن لائین پلیٹ فارم کی مدد سے تدریس و تربیت کا سلسلہ جاری رکھا۔ صوبائی وزیر تعلیم سندھ نے زوم اور ڈی ٹیک کے اقدامات کو سراہا اور مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

کراچی: جامعہ کراچی نےجعلی مارکس شیٹ جمع کرانے کی بناء پرمارننگ پروگرام کےطالبعلم کا داخلہ منسوخ کردیا۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی سے تصدیق کرانے پرمارننگ پروگرام داخلے برائے سال 2023 ء کے شعبہ ایگریکلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ کےطالبعلم فہد رسول ولد رسول بخش فارم نمبر632367 کی مارکس شیٹ جعلی ثابت ہوئی جس کی بناء پر ان کا داخلہ فوری طور پر منسوخ کردیاگیاہے۔

اسلام آباد : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کےدرمیان 5 فروری کو ہونے والے نمائشی میچ کے حوالے سے اسکواڈز کو حتمی شکل دےدی گئی۔

ذرائع کے مطابق نمائشی میچ کیلئے بابراعظم پشاور زلمی کی اور سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کریں گے، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں دیگر فرنچائزز کے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

پشاور زلمی کا اسکواڈ
پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شاہد آفریدی، وہاب ریاض، حسیب اللہ، دانش عزیز ، محمد حارث، اعظم خان، حیدرعلی، عامر ممال اور اسامہ میر شامل ہیں جب کہ صفیان مقیم، سلمان ارشاد، صائم ایوب اور عثمان قادر بھی نمائشی میچ میں پشاورزلمی کی نمائندگی کریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں عمراکمل، بسم اللّٰہ خان، سعودشکیل، احسن علی، نسیم شاہ، افتخار احمد، محمد نواز، محمد حسنین، خوشدل شاہ، عبدالواحد بنگلزائی، عمیدآصف، عمیربن یوسف اور اعمل خان شامل ہیں۔

نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے معین خان اور پشاورزلمی کے لیے کامران اکمل ہیڈکوچ ہوں گے، انضمام الحق پشاورزلمی کے ڈگ آؤٹ میں بطور مینٹور دکھائی دیں گے۔

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں چند کھلاڑیوں کی شمولیت کے باعث دونوں فرنچائز کے اسکواڈز 14 ، 14 ممبران پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈ ی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان نمائشی میچ 5 فروری کو بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلا جائےگا۔

کراچی: کورنگی کے نجی اسکول میں طالبعلم کے ساتھ تشددکےمعاملےپر محکمہ تعلیم سندھ نے ایکشن لے لیا۔

ڈائریکٹوریٹ کی تین رکنی کمیٹی نے انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کردیا۔

کتاب نہ کھولنے پر کم عمر طالب علم کو بدترین تشدد

انکوائری مکمل ہونے پر محکمہ تعلیم سندھ نےنجی اسکول کی رجسٹریشن معطل اور 25ہزار جرمانہ عائد کردیا ہے۔

واضح رہےوزیر تعلیم و ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے کر انکوائری کے احکامات جاری کیئے تھے۔

ڈھاکا: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ( بی پی ایل) میں شریک پاکستانی کرکٹرکو ایونٹ کھیلنے کی مشروط اجازت مل گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے والے وہ قومی کرکٹرز جو 5 فروری کے نمائشی میچ کا حصہ نہیں ہیں انہیں 8 فروری تک لیگ کھیلنے کی اجازت دیدی گئی ہے تاہم نمائشی میچ کھیلنے والے تمام کھلاڑیوں کو 2 فروری تک طلب کرلیا گیا ہے۔

قبل ازیں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں شریک کرکٹرز نمائشی میچ شرکت کیلئے وطن واپس آجائیں تاہم کچھ کرکٹرز نے معذرت کرلی تھی جس پر تمام کھلاڑیوں کی درخواست مسترد کردی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ ملک کی خاطر غیرملکی لیگ چھوڑنی پڑے گی۔

تاہم پی سی بی نے واپس بلانے کی پالیسی کا از سر نو جائزہ لیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل نہ کھیلنے والے کرکٹرز پر وطن واپسی کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کے میچز 13 فروری سے شروع ہوں گے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین نمائشی میچ 5 فروری کو بلوچستان کے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ویب ڈیسک : ٹوئٹر کی جانب سے سوشل میڈیاپلیٹ فارم پر پیمنٹ فیچر متعارف کرانے کے منصوبے پر پیشرفت کی گئی ہے۔

فنانشنل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کمپنی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک ٹوئٹر کی آمدنی میں اضافے کے لیے نئے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پیمنٹ سروسز کو ایپ کا حصہ بنانے کے لیے ٹوئٹر کی جانب سے امریکا میں ریگولیٹری لائسنس کے حصول پر کام کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل ٹوئٹر نے نومبر 2022 میں پیمنٹ سروسز کے لیے امریکی محکمہ خزانہ میں رجسٹریشن کرائی تھی اور اب لائسنس کے حصول کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی کو توقع ہے کہ لائسنس کا عمل ایک سال کے اندر مکمل ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ ایلون مسک نے نومبر 2022 میں پیمنٹ سسٹم کو ٹوئٹر کا حصہ بنانے پر بات کی تھی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کا پیمنٹ سسٹم بینک اکاؤنٹس اور ڈیبٹ کارڈ سے منسلک ہوگا۔

ایلون مسک نے کہا کہ ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن پلان سے صارفین اس پلیٹ فارم کو پیمنٹس کے لیے استعمال کرسکیں گے اور ایک دوسرے کو رقوم بھیج سکیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صارفین اپنے بینک اکاؤنٹس کو ٹوئٹر سے لنک کرسکیں گے اور اگلے مرحلے میں ہم انہیں زیادہ فیچرز فراہم کریں گے جبکہ ڈیبٹ کارڈز اور چیکس کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔ایلون مسک معروف سروس پے پال کے شریک بانی بھی رہے ہیں اور انہیں اس طرح کے پیمنٹ سسٹم کے بارے میں کافی کچھ معلوم ہے۔

اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو یہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو سپر ایپ میں تبدیل کرنے کے حوالے سے پیشرفت ہوگی۔

وہ کافی عرصے سے ٹوئٹر کو ایک سپر ایپ میں تبدیل کرنے کی بات کررہے ہیں جہاں صارفین کو ایک ہی جگہ ای کامرس، فنانس اور دیگر سروسز مل سکیں۔

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسِس کے ماہرین نے کراچی میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ (جینیاتی طور پر تبدیل شدہ وائرس) کی موجودگی کی تصدیق کردی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی اس تبدیل شدہ قسم واقعہ رونما ہوا ہے جو اس سے قبل چین میں لوگوں کو بڑے پیمانے پر متاثر کرچکا ہے۔


واضح رہے کہ اس کا نام بی ایف 7 رکھا گیا تھا جو پہلے ہی چین میں بڑے پیمانے پر متاثرکرچکا ہے اور اب بھی وہاں موجود ہے۔ ماہرین نے اس نئے ویریئنٹ کی جینیاتی سیکوئینسنگ کی تصدیق کی ہے۔ اس طرح یہ پاکستان میں رونما یا پہنچنے والا بی ایف سیون کا پہلا کیس بھی ہے۔

ڈاؤ یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر پروفیسر سعید خاں نے کہا ہے کہ ان کی جدید تجربہ گاہ میں نت نئے ویریئنٹ کی مسلسل سیکویئنسنگ کی جاتی ہے۔ اس تناظر میں ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام شہری کورونا سے وابستہ تمام حفاظتی اقدامات (ایس او پیز) کی پر عملدرآمد کرے۔

ڈاکٹر سعید خان نے کہا کہ اس نئے تبدیل شدہ وائرس کے پھیلاؤ پر غور کرنا ہے۔ شہری سماجی فاصلے، ماسک لگانے اور بوسٹرڈوز سے خود کو محفوظ بناسکتےہیں۔ شہری اگر اپنے اندر علامات محسوس کریں تو خود کو فوری طور پر قرنطینہ کریں۔

اسلام آباد: رواں مالی سال (2022-23) کے پہلے 6مہینوں کے دوران امریکا پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں سرفہرست رہا۔

تازہ اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان سے سب سے زیادہ مصنوعات امریکا اسکے بعد چین اور برطانیہ بھیجی گئیں۔

جولائی تا دسمبر (2022-23) کے دوران امریکا کو کل برآمدات3065.989 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو کہ جولائی تا دسمبر (2021-22) کے دوران 3323.470 ملین امریکی ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 7.74 فیصد کی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔

بینک آف پاکستان کے مطابق امریکا کے بعد چین کا نمبر آیا جہاں پاکستان نے 1058.055 ملین ڈالر کی اشیا برآمد کیں جو کہ 20.61 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ کاروں کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سالانہ بنیادوں پرکمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی: کورنگی میں اسکول ٹیچرنےمتعلقہ مضمون کی کتاب نہ کھولنے پر کم عمر طالب علم کو بدترین تشدد کا نشانہ بناکر ہاتھ توڑ دیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی کے نجی اسکول میں خاتون ٹیچر کی جانب سے طالب علم پر تشدد کا واقعہ پیش آیا، تشدد کے نتیجے میں 13 سالہ طالب علم عبدالرافع کو بازو پر شدید چوٹیں آئی ہیں اور ہاتھ فریکچر ہوگیا، جس کی رپورٹ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں کرادی گئی ہے۔

طالب علم کے بیان اور دیگر ذرائع کے مطابق متعلقہ مضمون کے برعکس دوسرے مضمون کی کتاب کھولنے پر طالب علم پر تشدد کیا گیا اور ابتداء میں تقریبا دو گھنٹے تک والدین کو اس واقعہ کی اطلاع بھی نہیں دی گئی تاہم چوٹ کی شدت اور تکلیف کے بعد طالب علم کے والد کو بلایا گیا۔
ادھر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سہ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز پروفیسر رفعیہ ملاح کے مطابق ڈائریکٹوریٹ کے افسران گلاب رائے، ریاض حسین اور رفیع الدین پر مشتمل کمیٹی بدھ کو السحر اسکول کورنگی نمبر 3 کا دورہ کرکے معاملے کی چھان بین کرے گی اور اس سلسلے میں مزید کارروائی کے لیے اپنی رپورٹ ڈائریکٹوریٹ کو پیش کرے گی۔

رفعیہ ملاح کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں انسداد جسمانی تشدد کے حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کئی تربیتی ورکشاپ اور سیمینار منعقد کراچکا جس میں اساتذہ کو کئی بار اس امر کی ہدایت کی گئی ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ پر جسمانی تشدد ناصرف غیر اخلاقی بلکہ غیر قانونی بھی ہے، لہذا اس عمل سے اجتناب کیا جائے تاہم اس کے باوجود اس طرح کے واقعات سامنے آرہے ہیں جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں اور ڈائریکٹوریٹ اس معاملے پر سخت کارروائی کرے گا۔

Page 75 of 3013