Friday, 01 November 2024


غریب خاندانوں کو مالی تحفظ دینے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کا انقلابی قدم

 

خیبر پختونخوا کی حکومت نے انقلابی قدم اٹھا لیا ہے اور صوبے کے عوام کی زندگی کو مالی تحفظ دینے کی تیاریاں کر لی ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے بعد عوم کو لائف انشورنس فراہم کرنے کا منصوبہ منظور کیا ہے اور اس فلاحی اسکیم کا مقصد غریب اور کمزور طبقے کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبے کی 49 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ جب بھی کسی گھر میں موت ہوتی ہے تو ایک فرد کی موت پورے خاندان کو مالی بحران میں مبتلا کر دیتی ہے۔ جانی نقصان کی تلافی نا ممکن مگر حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی فوتگی پر خاندان کو 5 لاکھ کی مالی امداد دی جائے گی جب کہ 60 سال سے کم عمر افراد کی موت پر ورثا کی 10 لاکھ تک مالی معاونت کی جائے گی۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ یہ منصوبہ کے پی میں فلاحی ریاست کے قیام کی جانب ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت صوبائی سطح پر انشورنس کمپنی کے قیام کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔

Share this article

Leave a comment