Tuesday, 05 November 2024

اسلام آباد: وفاقی تعلیمی بورڈ نے نہم و دھم کے سال 2022 کےدوسرے مرحلے کے سالانہ امتحانات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

اعلان کردہ شیڈول کے مطابق وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام نہم اور دہم کے سالانہ امتحانات 22 ستمبر سے شروع ہوں گے جو 13 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

سندھ : مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں کمپیوٹرائزڈ داخلہ ٹیسٹ تیسرے روز بھی جاری رہے۔

روزانہ دو شفٹوں میں 6سوامیدوار ٹیسٹ میں شریک ہو رہے ہیں ۔

شیخ الجامعہ جامعہ مہران پروفیسر ڈاکٹر طحہ حسین علی نے داخلہ ٹیسٹ کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ ٹیسٹ مراکز کا دورہ کرتے ہوئے مہیا کردہ سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔

امیدواران کی جانب سے ٹیسٹ کے دوران مہیا کردہ سہولیات پر اظہارِ اطمینان کیا گیا ہے، سندھ میں جاری بارشوں کے باوجود بڑی تعداد میں امیدواران داخلہ ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔

کراچی: جامعہ کراچی نے ایم بی اے اورایم بی اے ایگزیکیٹو کی داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔

کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے تحت ایم بی اے(ڈیڑھ سالہ اورڈھائی سالہ) اورایم بی اے ایگزیکیٹو(ڈھائی سالہ) پروگرامزکی داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں 26 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔

ایسے طلباوطالبات جن کے نام جاری کردہ داخلہ فہرست میں آچکے ہیں وہ اپنی داخلہ فیس 26 اگست 2022 ء تک جمع کراسکتے ہیں۔

کراچی: آواز انسٹیٹیوٹ آف میڈیا اینڈ مینجمنٹ سائنس کے زیرِ اہتمام جلسہ تقسیم اسناد منعقد کیا گیا۔

ایمز انسٹیٹیوٹ کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں بی ایس ماس کمیونیکشن، بی بی اے(بی ایس بی اے) اور ایم ماس کمیونکیشن کے 59 طلباو طالبات میں ڈگریاں تفویض کی گئیں۔

سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں مہمانِ خصوصی سینیٹرنثار احمد کھوڑو،جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، چیئرمین بورڈآف گورنر آواز انسٹیٹیوٹ نئیر علی،ر ضیاء الدین بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر انصار،ڈی جی چارٹر کمیٹی نعمان احسن، سیکرٹری الحاق کمیٹی ڈاکٹر انیلا امبر ملک۔ فیکلٹی ممبران،اساتذہ اورجامعہ کراچی شعبہ کمپیوٹر سائنس و سافٹ انجینئرنگ کےڈین ندیم محمود،ویژول اسٹڈیز کی انچارج تانیہ ناصر، شعبہ ابلاغ عامہ کی چیئرپرسن ڈاکٹرفوزیہ نازاورہیڈآف دی ڈیپارٹمنٹ بی بی اے ڈاکٹر دانش شریک ہوئے۔

 

سینیٹرنثار احمد کھوڑو:
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ ہمارے نوجوان اور بنیادی طور پر طلباء ہمارا اثاثہ ہیں کیونکہ انہیں مستقبل میں پاکستان کی ترقی کی قیادت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں اور اضلاع کو بھی نجی شعبے کی توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ ان میں جامعات نہیں ہیں اور ان کے لیے معیاری تعلیم حاصل کرنا مشکل ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اکثر اوقات چھوٹے شہروں اور اضلاع کے لوگوں کو اپنے آبائی شہر چھوڑ کر دوسرے شہروں میں جانا پڑتا ہےاس لئے میں پرائیوٹ سیکٹر کے عہدیداروں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ ہائر ایجوکیشن کے لئے بہتر سے بہتر اقدامات کرے ۔
سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہم معیاری تعلیم کی فراہمی اور سب کو یکساں مواقع فراہم کرکے اور میرٹ کلچر کو فروغ دے کر معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا تعلیم دنیامیں نام کرنے کےلئے محنت کرنا ضروری ہے اور تعلیم ہی طبقاتی نظام کو نہیں مانتی ۔

وائس چانسلر خالد عراقی:
شیخ الجامعہ پروفیسر خالد محمود عراقی نے کہا کہ گریجویٹس کے پاس مسابقتی کارپوریٹ دنیا میں سبقت حاصل کرنے کے لیے ضروری مہارتیں اور صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ صرف ایک پروگرام سے شروع ہونے والے انسٹی ٹیوٹ نے ان تمام سالوں میں قابل ذکر کام کیا ہے اور درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ان کا ماننا ہے کہ فارغ التحصیل اب اپنی تعلیم کے دوران حاصل کیے گئے علم اور ہنر کو بروئے کار لا کر معاشرے کی خدمت کے لیے تیار ہیں.

چیئرمین بورڈ آف گورنرز نیئرعلی :
12سال قبل جب ہم نے ایمز کی بنیاد رکھی تو ہمارا مقصدتعلیم و تربیت کے جدیدتقاضوں کےسنگِ میل کوعبورکرنا تھا کیونکہ ہم جانتے ہیں تعلیم ہی ترقی کی کنجی ہےاور الحمداللہ! ہم اپنے مشن میں کافی حد تک کامیاب بھی ہوئے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ ہم آنے والے دنوں میں مزید بہتری لےکر آئے جوہمارے طلبا و طالبات کےبہترین مستقبل میں مفیدثابت ہونگے ۔
انہوں نے مزید کہا کسی بھی ملک وقوم کی ترقی کےلئے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم کے بہترین مواقع میسر ہوں لیکن بدقسمتی سےہمارے ملک کا صرف 3فیصد نوجوان طبقہ ہی اعلیٰ تعلیم حاصل کرپاتا ہےجوہماری ترقی کےلئےانتہائی ناکافی ہے۔آج کے اس پرُ مسرت موقع پرہم عہد کرتےہیں کہ ہم اپنے ادارے آواز انسٹیٹیوٹ میں زیرِ تعلیم طلبا و طالبات کوجدید تعلیم سےآراستہ کریں گے۔

ریکٹر آواز انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر سلیم شہزاد:
آواز انسٹیٹیوٹ کے ریکٹر ڈاکٹر سلیم شہزاد نے جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پرمہمان ِ خصوصی سینیٹر نثار کھوڑو، شیخ الجامعہ پروفیسر خالد محمود عراقی،بورڈ آف گورنرز، ایمز فیکلٹی ممبران ، والدین، ڈین فیکلی آف آرٹس وفنون ڈاکٹر نصرت ادریس، چارٹرانسپیکشن اینڈ ایوویلیشن (سندھ سی آئی ای سی) نعمان احسن کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر خالد محمود عراقی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے آواز انسٹیٹیوٹ کو تعلیمی اقدام میں بھر پور تعاون کیا اور میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی جامعہ کراچی بھر پور ساتھ دے گا جو خامیاں ہیں انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔آخر میں انہوں نےڈگری اور شیلڈ وصول کرنے والے طلبا کو مبارکباد دی۔

اسلام آباد: پی ایم سی میں میڈیکل امتحانات میں کرپشن کے شواہد ملنےپروزیراعظم شہباز شریف نےپاکستان میڈیکل کمیشن کے ارکان کو تبدیل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آئین و قانون کے مطابق عمران خان کے پاکستانی نژاد امریکی کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی کے منتخب پاکستان میڈیکل کمیشن کے ارکان کو صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے تبدیل کیا۔ جب کہ ٹیسٹنگ میں مبینہ کرپشن کا معاملہ تحقیقاتی ایجنسی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم سی میں میڈیکل امتحانات میں کرپشن کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ گزشتہ سالوں میں بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ میں بے ضابطگیاں اور مالی بدعنوانیاں رپورٹ ہوئیں، جس کا معاملہ نیب میں زیر التوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کمیشن کے نئے ارکان آئین و قانون کے مطابق میرٹ پر تعینات ہوں گے جب کہ ٹیسٹنگ میں مبینہ کرپشن کا معاملہ تحقیقاتی ایجنسی کو دیا جائے گا۔ ایم ڈی کیٹ کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

اسلام آباد: قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی شعبہ امتحانات نےنویں اوردسویں جماعت کےسالانہ امتحانات کےنتائج کااعلان کردیا۔

نتائج کے مطابق دسویں جماعت کے مجموعی رزلٹ 71فیصد جبکہ نویں جماعت کا49 فیصد رہا، جماعت دہم کے نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں دنیور گلگت کی طالبہ تسلیم زہرا نے 1055 نمبر لے کر پہلی، نایاب 1015دوسری پوزیشن حاصل کی،1013 نمبرلےکر محمد رافع اور مہتاب حسین نے تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔

اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناکےمزید 2 مریض انتقال کرگئے۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے متاثر مزید 2 افراد انتقال کر گئے جبکہ 158 مریضوں کی حالت نازک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے17 ہزار872 ٹیسٹ کئےگئے جس میں 449افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

این آئی ایچ کا مزید کہنا ہے کہ کورونا کے 158 مریضوں کی حالت نازک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 2.51 ریکارڈ کی گئی۔

کراچی: نشان حیدریافتہ فلائٹ آفیسر راشد منہاس شہیدکی51ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

فلائٹ آفیسر راشد منہاس نے7 فروری1951کوکراچی میں آنکھ کھولی، بی ایس سی پی اے ایف اکیڈمی رسالپور سے کی اور پھر پاک فضائیہ میں شمولیت اختیارکرلی،20 اگست 1971کو اپنی دوسری سولو فلائٹ کے دوران راشد منہاس نے بہادری کابے مثال کارنامہ سرانجام دیا۔

راشدمنہاس نے پاک فضائیہ کا جنگی جہازبھارت لے جانے کی کوشش ناکام بنائی اور انتہائی کم عمری میں جام شہادت نوش کرکے ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدرحاصل کیا۔

راشد منہاس کا تھری تھرٹی جیٹ ٹرینر(ڈبل کاک پٹ)جنگی جہاز نے جس وقت اڑان بھری توانھیں معلوم ہوا کہ ان کے ساتھ موجود فلائٹ انسٹرکٹر مطیع الرحمن جہاز کو بھارت لیجانا چاہتا ہے مگرپاک فضائیہ کے جانباز سپاہی نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو بھانپ کرجنگی جہازکا رخ زمین کی جانب موڑدیا اوریوں بھارت کی سرحد سے 51کلومیٹر کی دوری پر سندھ کے ضلع ٹھٹھ کے قریب گرکرتباہ ہوگیا، اس بہادری کے صلے میں راشد منہاس کو ملک کے سب سے بڑے فوجی اعزازنشان حیدرسے نوازاگیا۔

سری لنکا: ایشیاکپ سے پہلے سری لنکن ٹیم کو فٹنس مسائل نے گھیر لیا۔اعلان کردہ ٹیم کے دو کھلاڑی انجریز کی وجہ سے ٹیم سےباہر ہوگئے۔

سری لنکن میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر بینورافرنینڈو اور اور کاسن راجیٹھا کا نام ایشیا کپ کے لیے ٹی20 اسکواڈ میں شامل تھا تاہم اب دونوں پلئیرز انجریز کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ڈیشمنتھا چیمیرا کی بھی ایونٹ میں شرکت مشوک ہے۔

دوسری جانب انجریز کے شکار کھلاڑیوں کی جگہ ایشیٹھا فرننینڈو اور پرامود مڈسنیھا کی ٹیم میں شرکت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی میزبانی میں ایشیا کپ کا آغاز 27 اگست سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہورہا ہے، ایونٹ میں لنکن ٹائیگرز اپنا پہلا میچ افغانستان کےخلاف کھیلے گی جس کے بعد انہیں پاکستان اور بھارت جیسی مضبوط ٹیموں کا چیلنج درپیش ہوگا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کوالیفائرز کا آغاز آج سے اومان کے امارات کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، جس میں یو اے ای،کویت،سنگا پور،ہانگ کانگ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

لاہور : بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہورنےسپلیمنٹری امتحانات کانام تبدیل کردیا۔

ترجمان کے مطابق سپلیمنٹری امتحانات کا نام سیکنڈسالانہ امتحان ہوگا اور سیکنڈ سالانہ امتحان میں فیل شدہ اورفریش امیدواربھی امتحان دیں سکیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ سپلیمنٹری امتحانات میں پہلے نئے امیدوارامتحان نہیں دے سکتے تھے۔