اتوار, 05 مئی 2024


ایدھی صاحب کی شخصیت اور شوبز کی نامور شخصیات کا اظہارِ خیال

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستان میں دکھی انسانیت کے سب سے بڑے مسیحا عبدالستارایدھی اس دنیائے فانی سے رخصت ہوچکے ہیں۔ ان کی وفات کے بعد دنیا بھرمیں ان کے چاہنے والے غم سے نڈھال ہیں۔ یتیموں، بے سہارا لوگوں اورخاص طورپرمعصوم بچوں کیلئے ان کی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دیکھا جائے تو پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں پربے پناہ مسائل ہیں اس کے باوجود اگردنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس کی بات کی جائے توپھرایدھی صاحب کی بدولت پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ ایمبولینس کام کرتی ہیں۔ پاکستان فلم انڈسٹری پربرسوں راج کرنے والی ماضی کی مقبول ترین اداکارہ انجمن نے کہا کہ عبدالستارایدھی کا شمار دنیا کی چند ایسی شخصیات میں ہوتا تھا جن کی زندگی کا مقصد صرف اورصرف دکھی انسانیت کی خدمت کرنا تھا۔ جس طرح آنجہانی مدرٹریسا نے انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے اپنی تمام زندگی بڑی سادگی کے ساتھ گزاری، اسی طرح عبدالستارایدھی نے بھی ہمیشہ سادگی کواپنایا۔ وہ صحیح معنوں میں نبی کریمؐ کے بتائے ہوئے راستے پرچلے۔ وہ چاہتے تومحل نما گھرپوری دنیا میں بنا سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہ کیا۔ سادہ لباس اورسادہ غذا کوترجیح دی۔ معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھونے کہا کہ عبدالستار ایدھی ہرمشکل گھڑی میں سڑکوں پردکھائی دیئے۔ لوگوں کو ان پراندھا اعتماد تھا۔ جس کی بڑی وجہ ان کے ایسے کارنامے تھے جن کی کوئی دوسری مثال نہیں ملتی۔ وہ غریبوں کے دکھ میں ہرلمحہ برابر کے شریک رہتے۔ انہوں نے جس طرح سے ایدھی سنٹرکودکھی انسانیت کیلئے کام کرنے کا انداز دیا ہے ، وہ اب ہمیشہ جاری رہے گا۔ اداکار قوی خان نے کہا کہ ایدھی صاحب ایک درویش صفت انسان تھے۔ ان کوگورے اورکالے کا کوئی فرق معلوم ہی نہ تھا۔ وہ توبس انسانیت کی خدمت کرنے کا عزم لے کراس دنیا میں آئے تھے اوراسی عزم کے ساتھ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ لیکن ان کا یہ مشن اب جاری رہے گا۔ اداکارعابدعلی نے کہا کہ اس وقت دنیا بھرمیں ایدھی صاحب جیسا ایک شخص بھی موجود نہیں ہے، وہ حقیقی معنوں میں انسانی ہمدردی رکھنے والی شخصیت تھے۔ ان کی خدمات کوپاکستانی قوم ہی نہیں بلکہ دنیا بھرمیں نہیں بھلایا جاسکے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment