جمعہ, 17 مئی 2024


فیس بُک بھی اسمارٹ فون کی تیاری کے لیے میدان میں آگیا

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل کے ماڈیولر فون کے پروجیکٹ آرا میں رافا کمارگو، رچرڈ وول ڈریج اور بلیسی برٹ رینڈ کو مرکزی حیثیت حاصل تھی اور اس پراجیکٹ کو ختم کیے جانے کے بعد اب یہ تینوں فیس بک کے نئے خفیہ ڈویژن بلڈنگ 8 کا حصہ بن چکے ہیں۔ یہاں ان کے ساتھ موٹرولا، ٹیسلا، ایپل اور امیزون میں کام کرنے والے افراد بھی کام کررہے ہیں۔ تو سوال یہ ہے کہ یہ ڈیزائنرز، انجینئرز اور مینو فیکچررز اکھٹے ہوکر کیا کام کررہے ہیں؟ اس ڈویژن کے باہر کوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا مگر اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ فیس بک کا پہلا اسمارٹ فون بنانے کا کام کررہے ہیں جو کہ ممکنہ طور پر ماڈیولر ہوگا۔ یہ فیس بک کی ہارڈ ویئر پراڈکٹس (فون، کمپیوٹر یا کسی بھی ڈیوائس) کے لیے بہت اہمیت رکھنے والا ڈویژن ہے کیونکہ مارک زکربرگ کی کمپنی پہلی بار ہارڈ ویئر بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

فیس بک اس وقت 360 ڈگری ویڈیو کیمرے سمیت متعدد نئی ٹیکنالوجیز کی تیاری پر کام کررہی ہے اور اسے جلد از جلد صارفین کے ہاتھوں تک پہنچانے کے لیے بھی طریقہ کار طے کررہی ہے۔ مارک زکربرگ نے اپریل 2016 میں ایک بلاگ کے دوران عندیہ دیا تھا کہ بلڈنگ 8 میں ورچوئل رئیلٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر اہم چیزوں پر کام ہوگا۔ مگر وہاں کام کرنے والے افراد کا انتخاب اس حوالے سے بالکل مختلف نظر آتا ہے کیونکہ وہ سب اسمارٹ فونز کے بارے میں مہارت رکھتے ہیں۔ معروف ٹیکنالوجی ویب سائٹ نے فیس بک کی جانب سے بھرتی کیے جانے والے متعدد افراد کا جائزہ لیا تو یہ واضح ہوگیا کہ فیس بک نے ایسے افراد کی خدمات حاصل کی ہیں جو نئے خیالات پیش کرنے، ڈیزائن کی تیاری، ہارڈ ویئر کی ترسیل اور فروخت میں مہارت رکھتے ہیں۔

تو ایسا لگتا ہے کہ فیس بک اپنا اسمارٹ فون تیار کرنے میں مصروف ہے جس کا اعلان وہ کرنا نہیں چاہتی کیونکہ 2013 میں ایچ ٹی سی کے اشتراک سے اس کے اسمارٹ فون کا منصوبہ ناکام ہوچکا ہے۔ اس ڈویژن میں بیشتر افراد ایپل کے سابق ملازمین ہیں تاہم جب تک فیس بک اعلان نہ کرے کہ وہ فون تیار کررہی ہے اس بارے میں کچھ واضح طور پر کہا نہیں جاسکتا مگر لگتا کچھ ایسا ہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ فیس بک اپنی حریف ایپ اسنیپ چیٹ کے نقش قدم پر چل رہی ہے جو چند ماہ پہلے تک بس ایک سوشل ایپ تھی مگر اس نے اب خود کو کیمرہ کمپنی تسلیم کروا لیا ہے اور حال ہی میں دنیا کو اسمارٹ گلاسز اسپیکٹکلز کے ذریعے حیران بھی کردیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment