جمعہ, 17 مئی 2024


ایپل نے اپنے خفیہ ڈسکاؤنٹ کا اعلان کردیا

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل نے اپنے خفیہ ڈسکاؤنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب صارفین سیکڑوں ڈالر کی بچت کرتے ہوئے دوبارہ سے مرمت اور چمکائے گئے (ریفربشڈ) فونز بہت کم قیمت پر خرید سکتے ہیں۔ ایپل نے اپنی ویب سائٹ پر آئی فون 6 اور آئی فون 6 ایس کی فروخت بھی شروع کردی ہے جنہیں آن لائن خریدنے کے ساتھ ساتھ ایپل اسٹور سے براہِ راست بھی خریدا جاسکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ریفربشڈ اور کم قیمت کے فون کے ساتھ ایک سال کی وارنٹی اور تمام سہولیات وہی فراہم کی جارہی ہیں جو پوری قیمت والے نئے آئی فون کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق انہیں ’’سرٹیفائیڈ ریفربشڈ فون‘‘ کہا گیا ہے۔ ایپل کا ریفربشڈ شعبہ ایک عرصے سے خفیہ تھا لیکن اب ایپل کمپنی نے اس کا اعلان کرتے ہوئے آئی پوڈ، آئی پیڈ اور آئی فون پر رعایتی قیمت کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل صارفین ایپل کے میک بک لیپ ٹاپ خرید رہےتھے ۔ اکثر مصنوعات ایک یا دو جنریشن پرانی ہیں لیکن وارنٹی وہی ہے اور ایپل کیئر کی ساری سہولیات فراہم کی جاری ہے۔ تمام مصنوعات پر 10 سے 15 فیصد رعایت ہے لیکن فونز پر رعایت کچھ زیادہ ہے۔ اس کا مقصد کم آمدنی والے صارفین کو سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بھی ایپل مصنوعات خرید سکیں۔ ریفربشڈ آئی فون 6 پلس کا روز گولڈ 64 گیگا بائٹس پاکستانی 60 ہزار روپوں میں فروخت ہورہا ہے جب کہ سکس پلس میں سلور آئی فون کی قیمت پاکستانی 53 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔ سارے فون ان لاکڈ ہیں اور ان میں کسی فون کمپنی (کیریئر) کی سِم کارڈ موجود نہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment