اتوار, 19 مئی 2024


بڑے مسئلے کو نئے فیچر کے ذریعے حل کرنے کا فیصلہ

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے ایک بڑے مسئلے کو نئے فیچر کے ذریعے حل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور یہ ان افراد کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہوگا جن کے فونز میں میموری محدود ہوتی ہے۔ فیس بک کی اس میسجنگ ایپ نے اب ایسا آپشن صارفین کو مہیا کردیا ہے جو انہیں اس پلیٹ فارم میں ویڈیو دیکھنے کا موقع بغیر ڈاﺅن لوڈ کے فراہم کرے گا۔ جی ہاں اب واٹس ایپ صارفین کو کسی ویڈیو کو دیکھنے کے لیے اسے ڈیوائس پر ڈاﺅن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اب صارفین یوٹیوب یا دیگر اسٹریمنگ سائٹس کی طرح ویڈیو کو ڈاﺅن لوڈ کیے بغیر واٹس ایپ میں دیکھ سکیں گے۔ یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے لیے فراہم کیا گیا ہے جبکہ آئی او ایس اور ونڈوز صارفین کے لیے آنے والے ہفتوں میں متعارف کرایا جائے گا۔

صارفین طویل عرصے سے شکایت کررہے تھے کہ واٹس ایپ میں ویڈیوز کو ڈاﺅن لوڈ کرکے دیکھنا پڑتا ہے جو اکثر مسائل کا باعث بنتا ہے۔ یہ نیا فیچر انہیں ویڈیو ڈاﺅن لوڈ کرنے کی زحمت سے بچائے گا اور انہیں معلوم ہوسکے گا کہ اسے دیکھنا ضروری ہے یا نہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں واٹس ایپ نے ویڈیو کالنگ کا فیچر بھی صارفین کے مطالبے پر متعارف کرایا تھا جو لگ بھگ دنیا بھر کے صارفین کو دستیاب ہوچکا ہے۔ اسی طرح وہ اسنیپ چیٹ جیسے اسٹوریز کے فیچر کی بھی محدود تعداد میں صارفین پر آزمائش کررہی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment