ایمزٹی وی(صحٹ)ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے کہا ہے کہ 15سے 18مئی تک سکھر ضلع میں جاری رہنے والی پولیو مہم کو مزید موثر بنایا جائے ،مہم کے دوران ڈی ایچ او، ٹی ایچ اوز ، ایریا انچارجز اور پولیو ورکرز اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے مائیکرو پلان پر سختی سے عمل کریں ۔وہ اپنے دفتر میں پولیو مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے نائیٹ شفٹس بھی شروع کی جائیں گی کیونکہ اکثر لوگ اپنے بچوں سمیت بسوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے ملک کے دیگر شہروں کی طرف بھی سفر کرتے ہیں اور ان بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلا سکنے کے باعث وائرس کے پھیلاوٴ کا خطرہ موجود رہتا ہے ۔
اس سلسلے میں انہوں نے ایس ایس پی سکھر اور موٹر وے پولیس کو بھی ہدایت کی کہ نائٹ شفٹوں کے دوران شہر کے داخلی راستوں پر بسوں اور دیگر گاڑیوں میں موجود بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے گاڑیوں کو روکنے کا پابند بنایا جائے ، انہوں نے کہا کہ ٓاس پاس کے دیگر اضلاع میں بھی پولیو کے انوائرومینٹل نمونے حاصل کئے جائیں کیونکہ دیگر اضلاع سے بھی پولیو وائرس کی منتقلی کا خطرہ رہتا ہے ۔