ھفتہ, 18 مئی 2024


صارفین کے لئےخوشخبری "آئی فون8" کی لانچنگ کی تیاری مکمل

 

ایمزٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)ان گنت افواہوں اور اندازوں کے بعد آخر کار ایپل کارپوریشن نے اعلان کردیا ہے کہ اس کے مشہورِ زمانہ آئی فون کا اگلا ماڈل ’’آئی فون 8‘‘ اسی مہینے لانچ کیا جائے گا۔ اعلان کے مطابق ایپل آئی فون 8 کی تقریبِ رونمائی 12 ستمبر 2017 کے روز ایپل کارپوریشن کے نئے صدر دفتر میں کی جائے گی جو کیوپرٹینو، کیلیفورنیا میں تعمیر کیا گیا ہے۔ایپل کارپوریشن کے نئے ہیڈ کوارٹرز میں ادارے کے بانی اسٹیو جابز کے نام پر ایک خصوصی تھیٹر بھی بنایا گیا ہے اور آئی فون 8 کی تقریبِ رونمائی بھی وہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ پہلا آئی فون 2007 میں لانچ کیا گیا تھا جب اس سال اسٹیو جابز نے 9 جنوری کو ایک پرہجوم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ادارے کی جانب سے ایک منفرد اور انقلابی اسمارٹ فون پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ 12 ستمبر کی تقریب میں آئی فون کی دسویں سالگرہ کے ساتھ ساتھ اسٹیو جابز کو بھی یاد کیا جائے گا۔ البتہ اسمارٹ فون انڈسٹری سے وابستہ باخبر ذرائع کو شبہ ہے کہ شاید آئی فون 8 آئندہ سال یعنی 2018 میں لانچ کیا جائے گا اور اس سال 12 ستمبر والی تقریب میں لانچ ہونے والے آئی فون کا نام کچھ اور ہوگا جو ممکنہ طور پر آئی فون پرو، آئی فون ایکس یا پھر آئی فون ایڈیشن وغیرہ میں سے کچھ ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیں اسی تقریب میں آئی فون 7 ایس اور آئی فون 7 ایس پلس بھی پیش کیے جائیں گے جو پچھلے سال والے آئی فون ڈیزائن میں معمولی سی ترامیم اور اضافہ جات پر مشتمل ہوں گے۔ نام چاہے کچھ بھی ہو، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے آئی فون کی قیمت کم از کم 1,000 ڈالر رکھی جائے گی جو پاکستانی روپوں میں 105,000 کے لگ بھگ ہوگی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment