جمعرات, 02 مئی 2024


گوگل اب زلزلوں سے بھی باخبر رکھے گا

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)گوگل میں یہ سہولت پہلے سے موجود ہے کہ یہ آپ کا آئی پی ایڈریس دیکھ کر متعلقہ شہر کے موسم کی تازہ ترین صورتِ حال سرچ رزلٹس کے ساتھ پیش کردیتا ہے۔ اس سہولت کے لیے گوگل کو بین الاقوامی موسمیاتی ویب سائٹس کی معاونت حاصل رہتی ہے۔ اب امریکی جیالوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے تعاون سے گوگل ایک نئی سروس متعارف کروانے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ اس سروس کے تحت جب آپ گوگل سرچ باکس میں Earthquake یا Earthquake near me لکھ کر سرچ کریں گے تو آپ کے قریبی علاقے میں زلزلوں کی تازہ ترین اطلاعات بھی سرچ رزلٹس کے ساتھ پیش ہو جائیں گی۔ اس سروس کے ذریعے اب آپ امریکا کے سوا دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک کے لیے ریکٹر اسکیل پر 4 یا اس سے زیادہ پیمائش والے تازہ ترین زلزلوں سے آپ باخبر رہ سکیں گے تاہم، اگر آپ کا آئی پی ایڈریس امریکا کے کسی بھی شہر کا ہو گا تو وہاں کے قرب و جوار میں ریکٹر اسکیل پر 1 پیمائش رکھنے والے معمولی زلزلوں سے بھی آپ کو سرچ رزلٹس میں آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ کسی بھی زلزلے سے متعلق معلومات میں اس کی شدت، مقام (ایپی سینٹر) کا نقشہ اور مختصر احتیاطی تدابیر شامل ہوں گی، معلومات کے اس مجموعے کو ’’شیک میپ‘‘ (زلزلیاتی نقشے) کا نام دیا گیا ہے جب کہ یہ فیچر کمپیوٹر اور اسمارٹ فون دونوں میں گوگل کروم کا حصہ بنایا جائے گا، اسمارٹ فون کے لیے پہلے ہی ایسی کئی ایپس موجود ہیں جو صارفین کو زلزلوں سے باخبر رکھنے کے لئے یو ایس جی ایس سے حاصل شدہ ڈیٹا استعمال کرتی ہیں۔ یو ایس جی ایس کے مطابق، ہر سال کئی لاکھ زلزلے دنیا بھر میں آتے ہیں تاہم ان میں سے تقریباّ 5 لاکھ ایسے ہیں جو زلزلہ پیما مراکز پر ریکارڈ کئے جاتے ہیں، خوش قسمتی سے زلزلوں کی بہت بڑی اکثریت سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوتا کیونکہ وہ بہت ہی کمزور ہوتے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment