ھفتہ, 18 مئی 2024


ترکی میں بغاوت کی کوشش عوام نے ناکام بنادی، 60 افراد ہلاک

ایمزٹی وی( انٹرنیشنل) ترکی میں فوج کے باغی گروہ کی اقتدار پر قبضےکی کوشش عوام نے ناکام بنادی، عوام سڑکوں پر نکل کر ٹینکوں کے سامنے ڈٹ گئے جبکہ ترک فوج کے باغی ٹولے نے باسفورس پل پر ہتھیار ڈال دیے اور انکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترکی حکومت کا کنٹرول بحال ہوگیا ہے، فائرنگ اور بم دھماکوں کے واقعات میں 17 پولیس اہلکاروں سمیت 60 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی بھی ہوئے، بغاوت کی کوشش کرنے والے سات سو چون فوجیوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ انتیس کرنل اورپانچ جرنلوں کوبرطرف کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے ترک فوج کے ایک گروہ نے بغاوت کی، صدر اردگان کی اپیل پر عوام فوجی بغاوت کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئیں اور سڑکوں پر گشت کرتے باغی ٹولے کے ٹینکوں کے سامنے ڈٹ گئے۔ ترک عوام نے ٹینکوں اور باغی دستوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا۔ جمہوریت کی طاقت سے باغی ٹولہ پسپا ہونے پر مجبور ہوا اور عوام نے سرکاری عمارتوں سے باغی فوجیوں کونکال باہر کردیا۔ ترک حکومت نے تمام اداروں کا کنٹرول دوبارہ سے حاصل کرلیا ہے جب کہ استنبول ایئرپورٹ پر معطل فلائٹ آپریشن بھی بحال کر دیا گیا ہے۔ ترکی کے فوجی گروپ کی جانب سے گن شپ ہیلی کاپٹرز سے فائرنگ اور بمباری کے واقعات میں 17 پولیس اہلکاروں سمیت 60 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ عوام پرفائرکرنیوالے باغی ٹولےکےہیلی کاپٹرکو فوج نےمارگرایا،صدارتی محل کے قریب ایف سولہ طیاروں نے باغی ٹولے کے ٹینکوں کونشانہ بنایا۔ حکومتی حلقوں نے بغاوت کا الزام فتح اللہ گولن کے حمایتیوں پرلگایا تاہم امریکہ میں مقیم فتح اللہ گولن نے بغاوت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بغاوت سے کوئی تعلق نہیں ترک صدر اور وزیراعظم نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی اقدام اٹھانے والوں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ترک صدر نے عوام سے خطاب میں کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے عوام نے عظیم قدم اٹھایا، چند عناصر ترکی کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے، پینسلوینیا میں بیٹھنے والے نے ترکی سے غدداری کی ہمیں اپنا ہر قدم محتاط اندزا میں اٹھانا ہوگا‌۔ ترکی کے صدر طیب اردگان نے عوام کو سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے فوجی ٹولے کی بغاوت کو ناکام بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ میں عوام کا نمائندہ ہوں اور عوام میں رہوں گا۔ ترک صدر نے کہا کہ عوام سب سے بڑی طاقت ہیں،عوام نے جمہوریت کے خلاف فوجی ٹولے کی بغاوت کو ناکام کرکے نئے ترکی کی بنیاد رکھی ہے،انہوں نے کہا کہ باغی ٹولےنےترکی کی سالمیت اور اتحاد کو نشانہ بنایا۔ صدر اردگان نے اعلان کیا کہ مسلح افوج سے ایسے غداروں کو ختم کرکے ترک فوج میں آپریشن کلین اپ کریں گے، بہت سے باغی فوجیوں کوگرفتارکرلیا گیا ہے۔ اردگان کا کہنا تھا کہ عوام کے ساتھ بہت فریب ہوچکا ہے اور عوام نے ثابت کردیا کہ ان کی حمایت کس کے ساتھ ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ بھی ترک عوام ایسی کوششوں کوناکام بنادیں گے، عوام کے پیسے سے خریدے گئے ٹینک اور اسلحہ عوام کے خلاف استعمال کیا گیا، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment