ھفتہ, 04 مئی 2024


پاکستان مہاجرین کو پناہ دینے والا تیسرا بڑا ملک قرار

ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹر نیشنل نے پاکستان کو غیر ملکی پناہ گزینوں کو پناہ دینے والا تیسرا بڑا ملک قرار دیا ہے ، دوسری طر ف رواں برس 2 لاکھ افغان مہاجرین اپنے وطن واپس لوٹ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایمنسٹی انٹر نیشنل نے مہاجرین کے حوالے سے اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کر دی ہے ، پاکستان میں اس وقت 16 لاکھ پناہ گزین رہ رہے ہیں ، جبکہ اردن میں 27 لاکھ اور ترکی میں 25 لاکھ پناہ گزین مقیم ہیں ۔ دنیا بھر کے 56 فیصد پناہ گزینوں کا بوجھ صرف دس ممالک اٹھا رہے ہیں ، جبکہ عالمی طاقتیں اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہو رہی ہیں ، چند سال قبل تک پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی تعداد 30 لاکھ کے قریب تھی ، 2 لاکھ افغانی رواں برس وطن واپس گئے ہیں ، ان میں زیادہ تر گزشتہ ماہ اپنے وطن واپس لوٹے ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکرٹری جنرل سلیل شیٹھی نے امیر ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زیادہ تعداد میں مہاجرین کو پناہ دیں ، انہوں نے کہا کہ برطانیہ اس ناکامی کی ایک مثال ہے ، برطانیہ نے 2011 سے صرف 8 ہزار شامی پناہ گزینوں کو پناہ دی ہے ، جبکہ اس کے برعکس اردن میں اس وقت تک 6 لاکھ سے زیادہ شامی پناہ گزین موجود ہیں ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment