منگل, 21 مئی 2024


جہادی تنظیم جیش محمد کے 2جنگجوؤں سمیت 8افراد گرفتار

ایمز ٹی وی(سرینگر) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے پر امن تحریک آزادی ناکام بنانے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لئے گھر گھر تلاشی مہم شروع کر کے نہتے کشمیریوں کو گرفتار کر کے جیش محمد اور لشکر طیبہ کے مجاہد قرار دینا شروع کر دیا ،بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے بیٹے نعیم گیلانی بھی گرفتار، مقدمات درج کئے بغیر گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ۔

بھارتی نجی چینل ’’انڈیا ٹی وی‘‘ کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بارہمولہ میں گھر گھر تلاشی مہم اور سرچ آپریشن کرتے ہوئے جہادی تنظیم جیش محمد کے 2جنگجوؤں سمیت 8افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج، نیم فوجی فورس اور پولیس اہلکاروں نے شہر کے پرانے علاقے میں گھر گھر جا کر تلاشی مہم شروع کی اور اس دوران آزادی کی تحریک چلانے کے الزام میں آٹھ افراد کو پکڑا،پوچھ گچھ کے دوران 2 لوگوں نے قبول کیا کہ وہ جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں،بھارتی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ انہی لوگوں نے 17اگست کو فوج کے قافلے پر حملہ کرنے میں جنگجوؤں کی مدد کی تھی، اس حملے میں ایک فوجی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔قابض سیکیورٹی فورسز نیگرفتار افراد سے ایک اے کے رائفل، ایک پستول، اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔دوسری طرف بزرگ کشمیری حریت راہنما سید علی شاہ گیلانی کو نوجوان بیٹے نعیم گیلانی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ،حیدر پورہ اپنے گھر میں نظر بند وسید علی گیلانی سے ملنے کے لئے آنے والے ان کے بیٹے نعیم گیلانی کو بھارتی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا ۔

یاد رہے کہ حریت کانفرنس کے تینوں بڑے لیڈروں سید علی شاہ گیلانی کوان کے گھر پر ہی نظر بند کیا گیا ہے جبکہ مولوی عمر فاروق چشمہ شاہی سب جیل میں قید ہیں جبکہ یاسین ملک کو شدید بیماری کے باوجود سینٹرل جیل سری نگر میں قید رکھا گیا ہے،اس کے علاوہ 15ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔حریت کانفرنس کے مقامی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قابض فوج کشمیریوں کی پر امن جدوجہد آزادی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے ،نہتے اور معصوم لوگوں کو پرامن تحریک چلانے سے روکنے اور کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے گھر گھر تلاشی اور سرچ آپریشن کے نام پر چادر اور چار دیواری کا نہ صرف تقدس پامال کیا جا رہا ہے بلکہ خواتین کے ساتھ بھی انتہائی ناروا سلوک کیا جا رہا اور گرفتار کئے جانے والے نہتے کشمیریوں کو لاپتا کیا جا رہا ہے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بارہمولہ شہر سے گھر گھر تلاشی مہم چلا کر 44افراد کو گرفتار اور گھروں سے پاکستان اور چین کے پرچم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment