بدھ, 09 اکتوبر 2024


سعودی عرب میں پاکستانی ڈرائیور کے ہاتھوں حادثے میں فوجی افسر کی ہلاکت


ایمز ٹی وی (جدہ) سعودی عرب میں سزائے موت پانے والے پاکستانی ٹرک ڈرائیور کی مدد کے لیے اللہ تعالیٰ نے سعودی شہری کو فرشتہ بھیج دیا، جس نے رضاکارانہ طور پر خون بہا کی رقم اڑھائی لاکھ ریال(تقریباً 69لاکھ 85ہزار روپے) ادا کرکے مفلس پاکستانی شہری کی جان بچا لی ۔


سعودی گزٹ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رستم خان نامی یہ پاکستانی شہری سعودی عرب میں ٹرک ڈرائیور کی نوکری کرتا تھا۔ ایک سال قبل طائف کے قریب اس کے ٹرک کی ٹکر سے ایک سعودی فوجی افسر جاں بحق ہو گیا تھا، جس پر اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا گیا جہاں سے اسے سزائے موت سنائی گئی تاہم بعدازاں سزائے موت کو خون بہا کی ادائیگی کے بدلے معافی میں تبدیل کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق رستم خان اتنی رقم کا بندوبست کرنے کی سکت نہیں رکھتا تھا چنانچہ اس نے آخری حربے کے طور پر سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اس نے لوگوں سے مدد کی درخواست کی۔ اس نے ویڈیو میں رقم کے بدلے اپنا گردہ فروخت کرنے کی بھی پیشکش کی۔ ویڈیو انٹرنیٹ پر پھیلنے کے بعد سعودی اداکار فیض المالکی کی نظروں سے گزری۔ اگلے روز فیض المالکی کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر نمودار ہوئی جس میں وہ اعلان کر رہا تھا کہ ایک فراخ دل شخص، جو اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتا، نے رستم خان کی مدد کے لیے رقم مہیا کر دی ہے۔


ویڈیو میں فیض المالکی کو خون بہا کی رقم رستم خان کے ایک رشتہ دار کے حوالے کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افسر کے اہلخانہ نے خون بہا کی رقم لینے سے انکار کرتے ہوئے رقم فوج کے امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کر دیا ہے۔فیض المالکی اور اس نامعلوم شخص کی سخاوت نے سعودی عرب اور پاکستان میں مقیم کروڑوں پاکستانیوں کے دل جیت لیے ہیں

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment